گل پلازہ سانحے کے بعد کارروائیاں تیز، ڈی سی ساؤتھ نے 6 زیرِ تعمیر عمارتیں سیل کر دیں

کراچی (جانوڈاٹ پی کے) کراچی میں گل پلازہ سانحے کے بعد ضلعی انتظامیہ نے حفاظتی اقدامات سخت کرتے ہوئے ضلع جنوبی کے مختلف علاقوں میں 6 زیرِ تعمیر عمارتیں سیل کر دی ہیں، جبکہ درجنوں منصوبوں پر کام روک دیا گیا ہے۔
ڈپٹی کمشنر ساؤتھ جاوید نبی کھوسو کے مطابق سیل کی گئی عمارتوں میں فائر فائٹنگ آلات نصب نہیں کیے گئے تھے اور نہ ہی ہنگامی صورتحال میں انخلا کے لیے محفوظ راستے بنائے گئے تھے، جو انسانی جانوں کے لیے سنگین خطرہ تھے۔
انہوں نے بتایا کہ ضلع جنوبی میں مجموعی طور پر 48 زیرِ تعمیر عمارتوں کا کام معطل کر دیا گیا ہے، جبکہ پہلے مرحلے میں ان عمارتوں کا تفصیلی معائنہ کیا جائے گا تاکہ حفاظتی خامیوں کی نشاندہی کی جا سکے۔
ڈی سی ساؤتھ کا کہنا تھا کہ فائر سیفٹی سسٹم سے محروم پرانی عمارتوں کا ڈیٹا بھی مرتب کیا جا رہا ہے اور جہاں قوانین کی خلاف ورزی پائی گئی وہاں بھرپور قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔
جاوید نبی کھوسو نے واضح کیا کہ تمام اسسٹنٹ کمشنرز کو ہدایات جاری کر دی گئی ہیں کہ وہ اپنی حدود میں کارروائیاں تیز کریں اور کسی قسم کی کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی۔



