بھلوال: تیز رفتار ٹرک الٹنے سے 4 افراد جاں بحق، 8 زخمی ہوگئے

بھلوال (جانوڈاٹ پی کے) بھلوال کے نواحی علاقے میلووال سے دھوری روڈ پر تیز رفتاری کے باعث توڑی سے لدا ٹرک الٹنے کا افسوسناک حادثہ پیش آیا، جس کے نتیجے میں چار افراد موقع پر جاں بحق جبکہ آٹھ افراد زخمی ہو گئے۔
ریسکیو ذرائع کے مطابق حادثہ پٹرول پمپ کے قریب پیش آیا، جہاں ٹرک تیز رفتاری کے باعث بے قابو ہو کر الٹ گیا۔ بتایا گیا ہے کہ توڑی سے لدے اس ٹرک پر بارہ افراد سوار تھے، جو حادثے کی شدت کے باعث بری طرح متاثر ہوئے۔
جاں بحق ہونے والوں کی شناخت 25 سالہ محمد عدیل، 22 سالہ محمد علی، 18 سالہ محمد علی اور 20 سالہ محمد امجد کے نام سے ہوئی ہے۔ جبکہ زخمیوں میں 20 سالہ محمد سلیمان، 19 سالہ عامر، 18 سالہ محمد اکبر، 25 سالہ محمد نعمان، 22 سالہ محمد رمضان، 27 سالہ تصور عباس، 27 سالہ عنایت اور 21 سالہ محمد نزاکت شامل ہیں۔
حادثے کی اطلاع ملتے ہی پولیس کے اعلیٰ حکام بھاری نفری کے ہمراہ موقع پر پہنچ گئے۔ جاں بحق افراد کی لاشوں اور زخمیوں کو فوری طور پر قریبی ہسپتال منتقل کیا گیا، جہاں چار زخمیوں کی حالت تشویشناک بتائی جا رہی ہے۔
پولیس حکام کے مطابق حادثہ تیز رفتاری کے باعث پیش آیا، جبکہ واقعے کی باقاعدہ تحقیقات کا آغاز کر دیا گیا ہے۔



