راشد بوڑیپوٹو کے قتل میں ملوث ملزمان کو کسی بھی صورت میں نہیں چھوڑیں گے، ارباب لطف اللہ

مٹھی(رپورٹ : میندھرو کاجھروی)گزشتہ رات کنڈیارو ٹول پلازہ کے نزد فائرنگ سے جاں بحق مٹھی کے گاؤں پوسرکو کے رہائشی راشد علی بوڑیپوٹو کے واقعے کے بعد پاکستان پیپلز پارٹی کے ایم پی اے ارباب لطف اللہ حرکت میں آگئے۔
ارباب لطف اللہ نے مقتول کے قاتلوں کی گرفتاری کے لیے صوبائی وزیر داخلہ ضیاء لنجار اور ایس ایس پی نوشہرو فیروز روحل کھوسو سے رابطہ کیا جہاں انہوں نے واضح طور پر ملزمان کو جلد از جلد گرفتار کرکے کیفر کردار تک پہنچانے کا مطالبہ کیا۔
اس موقع پر ارباب لطف اللہ نے کہا کہ مٹھی کے نواحی گاؤں پوسرکو کے رہائشی نوجوان راشد بوڑیپوٹو کے قتل میں ملوث ملزمان کو کسی بھی صورت میں نہیں چھوڑیں گے، قاتلوں کو ہر صورت گرفتار کیا جائے گا اور مقتول کے خون سے مکمل انصاف کیا جائے گا۔
انہوں نے مزید کہا کہ وہ صوبائی وزیر داخلہ اور ایس ایس پی نوشہرو فیروز سے براہ راست رابطے میں ہیں جنہوں نے انہیں قاتلوں کی جلد گرفتاری کی یقین دہانی کرائی ہے۔
ارباب لطف اللہ نے کہا کہ ہم مقتول کے ورثا کے ساتھ کھڑے ہیں، ورثا خود کو تنہا نہ سمجھیں، پولیس ملزمان پر کوئی رحم نہیں کرے گی اور قانون کے مطابق سخت کارروائی کی جائے گی۔



