تعلیم کی بہتری اور اسکول سے باہر بچوں کے داخلے ضلعی انتظامیہ کی اولین ترجیح ہے،ڈپٹی کمشنر مٹیاری

مٹیاری(رپورٹ:امجد راجپوت/نمائندہ جانو ڈاٹ پی کے)ڈپٹی کمشنر مٹیاری محمد یوسف شیخ نے کہا ہے کہ تعلیم کی بہتری اور اسکول سے باہر بچوں کے داخلے ضلعی انتظامیہ کی اولین ترجیح ہیں۔انہوں نے یہ بات اپنے دفتر میں منعقدہ ضلعی کمیٹیوں کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہی۔ ڈپٹی کمشنر کا کہنا تھا کہ تمام متعلقہ محکموں کو مشترکہ اور سنجیدہ کوششوں کے ساتھ کام کرنا ہوگا تاکہ کوئی بھی بچہ تعلیم سے محروم نہ رہے۔اجلاس کے دوران ڈسٹرکٹ سروس ڈیلیوری کمیشن کمیٹی، آؤٹ آف اسکول بچوں کے داخلے کی کمیٹی اور درسی کتب کی تقسیم کے حوالے سے تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ ڈی سی نے واضح ہدایات دیتے ہوئے کہا کہ درسی کتب کی بروقت اور شفاف تقسیم کو ہر صورت یقینی بنایا جائے۔ڈپٹی کمشنر محمد یوسف شیخ نے مزید کہا کہ اسکولوں کی نگرانی، اساتذہ کی حاضری اور تعلیمی معیار پر کسی قسم کی کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی۔اجلاس میں محکمہ تعلیم، ضلعی انتظامیہ، مانیٹرنگ اداروں اور نجی تعلیمی اداروں کے نمائندگان نے شرکت کی، جبکہ آئندہ اجلاس میں پیش رفت رپورٹ پیش کرنے کی بھی ہدایت دی گئی۔

مزید خبریں

Back to top button