وزیراعظم کی آئی ایم ایف کی ایم ڈی سے ملاقات، پاکستان کی معاشی پیش رفت پر تبادلہ خیال

زیورخ(جانوڈاٹ پی کے)سوئٹزرلینڈ کے شہر ڈیوس میں عالمی اقتصادی فورم کے 26ویں سالانہ اجلاس کے موقع پر وزیراعظم شہباز شریف کی عالمی مالیاتی فنڈ (آئی ایم ایف) کی منیجنگ ڈائریکٹر کرسٹالینا جارجیوا سے ملاقات ہوئی۔

ملاقات میں ابھرتی معیشتوں کو درپیش چیلنجز اور اقتصادی استحکام کے تحفظ کے لیے باہمی تعاون پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ وزیراعظم شہباز شریف نے آئی ایم ایف کی سربراہ کو پاکستان میں میکرواکنامک اشاریوں میں بہتری، معاشی استحکام اور ادارہ جاتی اصلاحات سے آگاہ کیا۔

وزیراعظم نے مالیاتی نظم و ضبط، محصولات میں اضافے اور پائیدار ترقی کے لیے حکومت پاکستان کے عزم پر زور دیا۔ اس موقع پر آئی ایم ایف کی منیجنگ ڈائریکٹر کرسٹالینا جارجیوا نے پاکستان کی اصلاحاتی کوششوں کا اعتراف کرتے ہوئے ان کی تعریف کی۔

کرسٹالینا جارجیوا نے طویل المدتی اقتصادی اصلاحات کی رفتار برقرار رکھنے کی ضرورت پر بھی زور دیا اور اس سلسلے میں آئی ایم ایف کے تعاون کے عزم کا اظہار کیا۔

مزید خبریں

Back to top button