لاڑکانہ: ریشم گلی میں ناکارہ نکاسی آب سے دکاندار اور خریدار شدید مشکلات کا شکار

لاڑکانہ (رپورٹ: احسان جونیجو/نمائندہ جانو ڈاٹ پی کے) لاڑکانہ شہر کے اہم کاروباری مرکز ریشم گلی میں میں برسوں سے نکاسی آب کا نظام ناکارہ ہے جس کے باعث نالیوں کا گندے پانی راستوں پر کھڑا رہتا ہے، اس بار بھی گذشتہ کئی دنوں سے نالیاں ابل رہی ہیں اور پانی کھڑا ہوا ہے، خریداری کے لئے ریشم گلی آنے والی خواتین، بچوں اور بڑوں کو شدید مشکلات کا سامنا ہے، بیشتر خریداروں نے اس بازار کا رخ کرنا ہی چھوڑ دیا ہے اور دکانداروں کا کاروبار ٹھپ ہوکر رہ گیا ہے.
اس شدید ابتر حالت کے خلاف متاثرہ دکانداروں نے ہاتھوں میں ڈھول اور شہید محترمہ بینظیر بھٹو کی تصویر اٹھاکر بلدیہ کے نمائندوں کے خلاف احتجاج کیا، ان کا کہنا تھا کہ ہم شہید بینظیر بھٹو کی خاطر ابتک پیپلز پارٹی کو ووٹ کر رہے ہیں لیکن یہاں کے منتخب نمائندوں نے ہمارے بنیادی مسائل برسوں گذرنے کے باوجود حل نہیں کئے، انہوں نے کہا کہ ڈرینج نظام ناکارہ ہے، نالیاں ہر دوسرے اور تیسرے روز ابل پڑتی ہیں، ہم اپنے طور پر گندا پانی نکلواتے ہیں لیکن پھر کھڑا ہوجاتا ہے. ان کا کہنا تھا کہ ڈھول اور شہید بینظیر بھٹو کی تصویر اٹھانے کا مقصد حکومت اور منتخب نمائندوں کی توجہ اس مسئلے کی جانب کرانی ہے جس کے حل کیلئے ہم منتظر ہیں.


