ٹھٹھہ میں ٹریفک نظام درہم برہم، نیشنل ہائی وے پر ہیوی ٹریفک نے عوام کی زندگیاں خطرے میں ڈال دیں

ٹھٹھہ (جاوید لطیف میمن، نمائندہ جانوڈاٹ پی کے) ضلع ٹھٹھہ میں ٹریفک کا نظام شدید بدانتظامی کا شکار ہو چکا ہے، جس کے باعث عوام کی زندگیاں غیر محفوظ ہو گئی ہیں۔ تفصیلات کے مطابق حیدرآباد سے ٹھٹھہ اور پھر کراچی کو ملانے والی مرکزی قومی شاہراہ پر ٹریفک نظام مکمل طور پر درہم برہم ہے۔

حیدرآباد سے کراچی کی جانب ہزاروں کی تعداد میں ہیوی لوڈڈ ٹرک، ڈمپرز اور آئل ٹینکرز روزانہ قومی شاہراہ سے گزرتے ہیں، جس کے باعث چھوٹی گاڑیوں میں سفر کرنے والے شہریوں کی جانیں شدید خطرے میں ہیں۔ غیر قانونی اور اوور لوڈڈ گاڑیوں کے پرزے ٹوٹنے کے باعث آئے روز گاڑیاں الٹنے کے واقعات پیش آتے ہیں، جس سے نیشنل ہائی وے پر حادثات معمول بن چکے ہیں۔

ذرائع کے مطابق ان حادثات میں اب تک ہزاروں شہری جان کی بازی ہار چکے ہیں، تاہم متعلقہ اداروں کی جانب سے مؤثر اقدامات نہیں کیے گئے۔ مکلی بائی پاس تاج پٹرول پمپ سمیت ٹھٹھہ مکلی بائی پاس پر ٹریفک پولیس چوکی اور پورے روٹ پر درجنوں تھانے موجود ہونے کے باوجود کسی بھی ادارے میں اتنی جرات نظر نہیں آتی کہ ان جان لیوا ہیوی لوڈڈ گاڑیوں کو قومی شاہراہ پر سفر سے روکا جا سکے۔

عوام کا کہنا ہے کہ ٹھٹھہ، سجاول، بدین، مٹھی اور تھرپارکر سمیت مختلف اضلاع کے شہریوں کو اس شاہراہ پر مرنے کے لیے بے یارو مددگار چھوڑ دیا گیا ہے۔ شہریوں نے اعلیٰ حکام سے فوری نوٹس لینے اور اوور لوڈنگ کے خلاف سخت کارروائی کا مطالبہ کیا ہے۔

مزید خبریں

Back to top button