اسلام آباد: بلدیاتی الیکشن سے متعلق صدارتی آرڈیننس، التوا کیخلاف درخواست پر نوٹس جاری جواب طلب

اسلام آباد (جانوڈاٹ پی کے) اسلام آباد ہائیکورٹ نے وفاقی دارالحکومت کے بلدیاتی انتخابات سے متعلق صدارتی آرڈیننس اور انتخابات کے التواء کے خلاف دائر درخواست پر وفاقی حکومت اور الیکشن کمیشن آف پاکستان کو نوٹس جاری کرتے ہوئے جواب طلب کر لیا ہے، جبکہ عدالت نے اسی نوعیت کی جماعت اسلامی کی درخواست کے ساتھ کیس کو یکجا کرنے کا حکم دے دیا۔
اسلام آباد ہائیکورٹ کے جسٹس محمد اعظم خان نے مرکزی مسلم لیگ کی جانب سے دائر درخواست پر سماعت کی۔ درخواست گزار انعام الرحمن کمبوہ اپنے وکیل اشفاق احمد کھرل کے ہمراہ عدالت میں پیش ہوئے۔
دورانِ سماعت وکیلِ درخواست گزار نے مؤقف اختیار کیا کہ لوکل گورنمنٹ کے حوالے سے جاری کیا گیا صدارتی آرڈیننس آئین اور قانون کے منافی ہے، جبکہ بلدیاتی انتخابات کا انعقاد الیکشن کمیشن کی آئینی ذمہ داری اور اولین ترجیح ہونا چاہیے۔ وکیل کے مطابق انتخابی شیڈول کا اعلان ہو چکا تھا، کاغذاتِ نامزدگی جمع کیے گئے اور تمام قانونی تقاضے مکمل ہونے کے باوجود انتخابات ملتوی کر دیے گئے۔
درخواست گزار کے وکیل نے عدالت کو بتایا کہ اسلام آباد میں چوتھی مرتبہ بلدیاتی انتخابات ملتوی کیے گئے ہیں، جو شہریوں کے جمہوری حقوق کی صریح خلاف ورزی ہے۔ عدالت سے استدعا کی گئی کہ صدارتی آرڈیننس کو کالعدم قرار دے کر اسلام آباد میں فوری بلدیاتی انتخابات کرانے کے احکامات جاری کیے جائیں۔
عدالت نے وفاقی حکومت اور الیکشن کمیشن کو نوٹس جاری کرتے ہوئے سماعت 27 جنوری تک ملتوی کر دی۔



