کراچی گل پلازہ سانحے کے بعد پنجاب بھر میں فائر سیفٹی آڈٹ کرانے کا فیصلہ

لاہور (جانوڈاٹ پی کے)وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے کراچی کے گل پلازہ میں پیش آنے والے المناک آتشزدگی کے واقعے کے بعد پنجاب بھر میں تمام سرکاری اور نجی عمارتوں کے فائر سیفٹی سسٹمز کے جامع آڈٹ کا اعلان کر دیا ہے۔

ایک بیان میں وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے کہا کہ فائر سیفٹی کے حوالے سے نئے اور مؤثر اسٹینڈرڈ آپریٹنگ پروسیجرز (SOPs) تیار کیے جائیں گے اور موجودہ حفاظتی نظام کو مزید مضبوط بنایا جائے گا۔

انہوں نے واضح کیا کہ شارٹ سرکٹ اور دیگر ممکنہ خطرات کے پیش نظر سرکاری و نجی عمارتوں کی مکمل جانچ کی جائے گی تاکہ کسی بھی ناخوشگوار واقعے سے قبل احتیاطی اقدامات یقینی بنائے جا سکیں۔

وزیراعلیٰ پنجاب نے ہدایت کی کہ سرکاری دفاتر، ہسپتالوں، تعلیمی اداروں اور نجی تنظیموں میں فائر سیفٹی کے انتظامات کا فوری جائزہ لیا جائے اور جہاں خامیاں ہوں وہاں فوری اصلاح کی جائے۔

مریم نواز شریف کا کہنا تھا کہ عوام کی جان و مال کا تحفظ حکومت کی اولین ترجیح ہے اور آگ جیسے خطرات سے بچاؤ کے لیے مؤثر، عملی اور بروقت اقدامات کیے جائیں گے۔

مزید خبریں

Back to top button