سوئٹزرلینڈ روانگی کے فوراً بعد ٹرمپ کے طیارے ایئر فورس ون میں فنی خرابی

واشنگٹن (مانیٹرنگ ڈیسک)امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کا طیارہ سوئٹزرلینڈ کے لیے روانگی کے فوراً بعد ایک معمولی برقی خرابی کے باعث جوائنٹ بیس اینڈریوز پر واپس اتار لیا گیا۔ وائٹ ہاؤس کے مطابق یہ اقدام احتیاطی تدابیر کے تحت کیا گیا۔
وائٹ ہاؤس کی پریس سیکریٹری کیرولین لیوٹ نے بتایا کہ ایئر فورس ون تقریباً 0400 جی ایم ٹی پر واپس بیس پر لینڈ ہوا۔ صدر کے ساتھ سفر کرنے والے صحافیوں کے مطابق ٹیک آف کے چند لمحوں بعد کیبن کی لائٹس بند ہو گئی تھیں، تاہم کوئی خطرناک صورتحال پیدا نہیں ہوئی۔
صدر ٹرمپ نے اپنا دورہ منسوخ کرنے کے بجائے طیارہ تبدیل کیا اور بدھ کی صبح ڈیووس فورم میں شرکت کے لیے دوبارہ روانہ ہوئے۔ نیا طیارہ ابتدائی پرواز کے تقریباً ڈھائی گھنٹے بعد اینڈریوز بیس سے روانہ ہوا۔
ایئر فورس ون، دنیا کے سب سے پہچانے جانے والے طیاروں میں شمار کیا جاتا ہے۔ موجودہ بوئنگ 747-200 بی سیریز کے طیارے 1990 میں سروس میں آئے تھے، اور صدر ٹرمپ نے ماضی میں موجودہ طیاروں پر عدم اطمینان کا اظہار بھی کیا تھا۔ نئے طیاروں کی فراہمی میں تاخیر کے باعث انتظامیہ نے متبادل آپشنز پر بھی غور کیا، جن میں غیر ملکی حکومت کے فراہم کردہ طیارے شامل تھے، تاہم آئینی، اخلاقی اور سکیورٹی خدشات کے باعث انہیں رد کیا گیا۔



