لاہور کو 2 اضلاع میں تقسیم کرنے کی منظوری، انتظامی ری سٹرکچرنگ کا آغاز بسنت کے بعد ہوگا

لاہور(جانوڈاٹ پی کے) وزیراعلیٰ پنجاب مریم نوازشریف نے لاہور کو دو اضلاع میں تقسیم کرنے کی اصولی منظوری دے دی ہے۔ فیصلہ اس بات کو مدنظر رکھتے ہوئے کیا گیا کہ لاہور کی بڑھتی ہوئی آبادی اور انتظامی دباؤ کو کم کیا جائے اور شہری سہولیات کی فراہمی کو مؤثر بنایا جائے۔

اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ بسنت کے فوری بعد لاہور کی انتظامی ری سٹرکچرنگ کا آغاز کیا جائے گا، جس کے تحت ڈپٹی کمشنرز، پولیس اور میونسپل سروسز الگ الگ انتظامی یونٹس کے تحت کام کریں گے۔ نئی تقسیم کا مقصد سروس ڈلیوری، بہتر گورننس، ٹریفک، تجاوزات اور بلدیاتی مسائل کے حل کو تیز اور مؤثر بنانا ہے۔

وزیراعلیٰ پنجاب نے متعلقہ محکموں کو ہدایت دی ہے کہ وہ مکمل تیاری کریں تاکہ لاہور کو انتظامی بنیادوں پر دو اضلاع میں تقسیم کرنے کا پراسیس جلد مکمل ہو سکے۔ اس حوالے سے 9 فروری کو دوبارہ اجلاس بھی طلب کر لیا گیا ہے۔

مریم نوازشریف کا کہنا تھا کہ لاہور کی تقسیم عوامی سہولت، شفاف گورننس اور فوری شکایات کے ازالے کے لیے ضروری ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ یہ اقدام سیاسی نہیں بلکہ انتظامی ضرورت پر مبنی ہے اور صوبے کے بڑے شہروں میں جدید اور مؤثر گورننس ماڈل متعارف کرانے کا حصہ ہے۔

وزیراعلیٰ پنجاب کے مطابق دو اضلاع بننے سے سروس ڈلیوری عوام کے قریب، تیز اور مؤثر ہوگی اور شہریوں کو فوری ریلیف فراہم کیا جا سکے گا۔

مزید خبریں

Back to top button