اسلام آباد ہائیکورٹ: بانی پی ٹی آئی کے ایکس اکاؤنٹ بند کرنے کے کیس کی سماعت 24 فروری تک ملتوی

اسلام آباد (جانوڈاٹ پی کے) اسلام آباد ہائیکورٹ نے بانی پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے ایکس اکاؤنٹ بند کرنے کے کیس کی مزید سماعت 24 فروری تک ملتوی کر دی ہے۔ کیس کی سماعت جسٹس ارباب محمد طاہر کی سربراہی میں ہوئی، جس دوران جیل حکام، پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی (پی ٹی اے) اور دیگر فریقین کے جوابات موصول ہوئے۔
سلمان اکرم راجا نے عدالت کو بتایا کہ وہ بانی پی ٹی آئی سے مشاورت کے لیے ملاقات نہیں کر سکے۔ عدالت نے کہا کہ اگر ملاقات ہو جائے تو 24 فروری کو حتمی دلائل سنے جائیں گے۔ عدالت نے ملاقات نہ کرانے پر توہین عدالت کی درخواست پر بھی تفصیلی جواب جمع کرانے کی ہدایت کی اور ایڈوکیٹ جنرل اسلام آباد آفس سے تحریری جواب طلب کیا۔
سرکاری وکیل نے عدالت کو بتایا کہ ملاقات کے کیسز ایک لارجر بنچ دیکھ رہا ہے اور جب تک ملاقات نہیں ہوگی، کیس آگے نہیں بڑھ سکتا۔ سلمان اکرم راجا نے مزید کہا کہ کیس فائل ہونے کے بعد انہیں بانی پی ٹی آئی سے ملاقات کی اجازت نہیں دی گئی۔ دو ماہ قبل، 4 نومبر کو ملاقات کا آرڈر جاری ہوا تھا لیکن اس پر عمل درآمد نہیں ہوا، جس پر عدالت نے جیل میں ملاقات کے لیے مناسب آرڈر جاری کرنے کی ہدایت کی۔
عدالت نے پی ٹی اے کے جواب کو غیر تسلی بخش قرار دیتے ہوئے کہا کہ "آپ دیکھ لیں رٹ پٹیشن کیا ہے اور آپ کا جواب کیا ہے”۔ کیس کی سماعت 24 فروری تک ملتوی کر دی گئی تاکہ ملاقات اور حتمی دلائل کے بعد کیس آگے بڑھ سکے۔



