سانحہ گل پلازہ: مزید 3 جاں بحق افراد کی لاشوں کی شناخت کرلی گئی

کراچی (جانوڈاٹ پی کے) سانحہ گل پلازہ میں جاں بحق مزید تین افراد کی لاشوں کی شناخت کر لی گئی ہے، جس کے بعد شناخت ہونے والی لاشوں کی مجموعی تعداد 11 تک پہنچ گئی ہے۔

جیو نیوز کے مطابق شناخت ہونے والی لاشیں محمد شہروز، محمد رضوان اور مریم کی ہیں، جن کی میتیں اہل خانہ کے حوالے کر دی گئی ہیں۔ اس سے قبل سانحے میں جاں بحق ہونے والے دیگر افراد میں کاشف، مصباح، عامر، فراز، فاروق، فرقان، محمد علی اور تنویر شامل ہیں۔

حکام کے مطابق اب تک سانحہ گل پلازہ میں 28 افراد جاں بحق ہو چکے ہیں جبکہ 17 لاشیں تاحال ناقابل شناخت ہیں۔ لاشوں کی شناخت کے لیے 50 خاندانوں کے ڈی این اے نمونے موصول ہو چکے ہیں، جن پر عمل جاری ہے۔

فائر آفیسر کا کہنا ہے کہ عمارت کے تہہ خانے کے اوپن ایریا کو مکمل طور پر سرچ کر لیا گیا ہے جہاں سے کوئی لاش نہیں ملی، تاہم تہہ خانے کا دبا ہوا حصہ تاحال کلیئر نہیں کیا جا سکا۔ اس کے علاوہ عمارت کا دوسرا اور تیسرا فلور بھی کلیئر قرار دیا گیا ہے۔

دوسری جانب سانحہ گل پلازہ کی وجوہات جاننے کے لیے قائم تحقیقاتی کمیٹی نے باضابطہ طور پر کام شروع کر دیا ہے، جس میں آگ لگنے کی اصل وجوہات اور حفاظتی انتظامات کا جائزہ لیا جا رہا ہے۔

مزید خبریں

Back to top button