بورڈ آف پیس کو اقوام متحدہ کا متبادل بنانے کا ارادہ نہیں،پاک بھارت جنگ رکوا کر کروڑوں جانیں بچائیں، امریکی صدر

واشنگٹن (مانیٹرنگ ڈیسک)امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ایک بار پھر پاک بھارت کشیدگی میں کمی اور ممکنہ جنگ رکوانے کا دعویٰ کرتے ہوئے کہا ہے کہ اگر دونوں ممالک کے درمیان جنگ نہ رکوائی جاتی تو لاکھوں نہیں بلکہ کروڑوں افراد جان سے جا سکتے تھے۔

میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے صدر ٹرمپ کا کہنا تھا کہ پاک بھارت جنگ کی صورت میں 10 سے 20 ملین افراد کی ہلاکت کا خدشہ تھا، تاہم بروقت سفارتی کوششوں کے باعث صورتحال قابو میں رہی۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ جنگ کے دوران 8 طیارے بھی مار گرائے گئے۔ صدر ٹرمپ کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف نے ان سے کہا کہ آپ نے کروڑوں زندگیاں بچائیں۔

امریکی صدر نے روس یوکرین جنگ سے متعلق گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ وہ اس تنازع کے خاتمے کے لیے مسلسل کوششیں کر رہے ہیں، جبکہ اقوام متحدہ کسی بھی بڑی جنگ کو رکوانے میں مؤثر کردار ادا کرنے میں ناکام رہا ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ ان کا بورڈ آف پیس کو اقوام متحدہ کے متبادل کے طور پر قائم کرنے کا کوئی ارادہ نہیں، بلکہ اقوام متحدہ کو اپنا کام جاری رکھنا چاہیے۔

صدر ٹرمپ نے ایران کی صورتحال پر بھی بات کرتے ہوئے کہا کہ اسے بغور مانیٹر کیا جا رہا ہے۔ گرین لینڈ کے حوالے سے ان کا کہنا تھا کہ ایسا اقدام کیا جائے گا جس سے نیٹو بھی مطمئن ہو اور امریکا بھی۔ اس موقع پر انہوں نے جی سیون اجلاس میں شرکت نہ کرنے کا اعلان بھی کیا۔

مزید خبریں

Back to top button