نوجوان ظاہر و باطن کی طہارت کیلئے درود پاک کو اپنا زاد راہ بنا لیں، ڈاکٹر ندیم اسحاق خان

وزیر آباد (جانوڈاٹ پی کے) روحانی بالیدگی کے لئے ربط رسالت مضبوط بنانے کی ضرورت ہے۔ کردار کی عظمت کی بنیاد تقویٰ ہے۔ اقبال کا تصور پاکستان ملوکیت کی بناء پر  اسلام کے مسخ شدہ تصور حکومت کو   دو بارہ اجاگر کرنا تھا۔ عشق رسول صلی اللّہ علیہ وسلم سے روشن قلوب انسانی عظمت کی دلالت کرتے ہیں۔ نوجوان ظاہر و باطن کی طہارت حاصل کرنے کے لئے درود پاک کو اپنا زاد راہ بنا لیں۔ان خیالات کا اظہار اقبالیات کے ممتاز سکالر ڈاکٹر ندیم اسحاق خان نے مسلم ھینڈز ایجوکیشنل کمپلیکس سوہدرہ کے عطاء الحق قاسمی آڈیٹوریم میں ” اقبال کے فکری تناظر میں کردار کی تشکیل” کے موضوع پر ایک پر مغز لیکچر کے دوران کیا۔ انہوں نے کہا کہ جھوٹ پر مبنی معاشرے کی بناء پر مسلم قوم اپنی عظمت کھو چکی اور اس کی بحالی کے لیے حص،لالچ، چالاکی،اور ظاہری نمود و نمائش کے بت پاش پاش کرنے ہونگے۔ انہوں نے نوجوانوں کو تلقین کی کہ وہ شہوانی خیالات کو رد کر کے باطن کی طہارت کا راستہ اختیار کریں اور دجالی فتنوں کے خلاف ایمان کی طاقت سے سیسہ پلائی دیوار بن جائیں۔ ڈاکٹر ندیم اسحاق نے اپنے لیکچر میں کہا کہ اقبال کی تعلیمات قرآن وحدیث کی ترویج کا پیغام ہیں اور ان سے راہنمائی حاصل کر کے حقیقی لذتوں سے آشنائی حاصل کی جا سکتی ہے۔ صدر تقریب کنٹری ڈائریکٹر مسلم ھینڈز پاکستان سید ضیاء النور نے کہا کہ نوجوان مسلم قوم کے روشن مستقبل کی امید ہیں اور قوم کے بچوں کو مستقبل کا روشن ستارہ بنانا مسلم ھینڈز کا مشن ہے۔ تقریب سے ممتاز دانشور ملک رضوان الحق نے خطبہ استقبالیہ دیا جبکہ طالب علم محمد ارسلان نے تلاوت قرآن کریم اور محمد حسان رفاقت نے نعت شریف کا شرف حاصل کیا۔ اس موقع پر ممتاز ماہر تعلیم قاضی انوار حسین،سماجی شخصیات ناصر محمود اللہ والے،افتحار حسین صدیقی،ڈاکٹر عبدالطیف۔ پبلک ریلیشن پرسن طارق جاوید ملک، چئیرمن پریس کلب افتحار احمد بٹ، جندل سیکرٹری ضمیر کاظمی، ممتاز صحافی اسد اللّہ،رانا عبد الرشید،ایڈمن آفیسر واجد نعیم،پرنسپل محمد عارف علوی اور مختلف شعبہ ہائے زندگی کی ممتاز شخصیات اور نوجوانوں کی کثیر تعداد موجود تھی۔

مزید خبریں

Back to top button