بدین:عوامی تحریک کے سربراہ رسول بخش پلیجو کی 96ویں سالگرہ کی تقریب ڈسٹرکٹ بار میں منعقد، جدوجہد کو خراجِ تحسین پیش

بدین (رپورٹ مرتضیٰ میمن/جانو ڈاٹ پی کے)سندھ کے دانشور اور عوامی تحریک کے سربراہ رسول بخش پلیجو کی 96ویں سالگرہ ڈسٹرکٹ بار ایسوسی ایشن بدین میں منائی گئی۔ اس موقع پر بار ایسوسی ایشن کے جنرل سیکریٹری امیر آزاد پنہور، وکیل فیاض ابڑو، منظور چانڈیو، قومی عوامی تحریک کے رہنما سانول گوپانگ، عوامی تحریک کے رہنما کامران لاکھو، رام کولہی، عزیز بکاری اور سندھیانی تحریک کی رہنما سونھ گوپانگ نے سالگرہ کا کیک کاٹا تقریب سے خطاب کرتے ہوئے رہنماؤں نے کہا کہ رسول بخش پلیجو صرف سندھ ہی نہیں بلکہ پورے پاکستان کا ضمیر تھے۔ وہ ایک قومی رہنما اور بہادر وکیل تھے جنہوں نے عدلیہ کی آزادی، آئین کی بالادستی، جمہوریت کی بحالی، انسانی حقوق اور ریاستی جبر کے خلاف بے مثال جدوجہد کی، جس کے نتیجے میں انہوں نے اپنی زندگی کے کئی سال جیلوں میں گزارے۔ ان کی جدوجہد کو عالمی سطح پر بھی تسلیم کیا گیا اور انہیں ضمیر کا قیدی قرار دیا گیا کالا باغ ڈیم جیسے سندھ دشمن منصوبوں کے خلاف ان کی جدوجہد تاریخ کا ایک اہم باب ہے۔ انہوں نے خواتین کی سیاسی، سماجی اور فکری آزادی کے لیے سندھیانی تحریک جیسی مضبوط تنظیم قائم کی اور اپنی تحریروں، کتابوں اور فکری مباحث کے ذریعے سندھی سماج میں شعور اور مزاحمت کی روایت کو فروغ دیا۔ ان کا فکر آج بھی نوجوانوں، وکلا اور سیاسی کارکنوں کے لیے مشعلِ راہ ہے۔



