مٹھی:والد کو علاج کیلئے ہسپتال لے جاتے ہوئے ڈاکوؤں کی فائرنگ سے بیٹا جاں بحق

مٹھی(رپورٹ: میندھرو کاجھروی)کنڈیارو کے قریب ڈاکوؤں کے وحشیانہ حملے میں مٹھی کے نواحی گاؤں پوسرکو کا رہائشی راشد علی بوڑیپوٹہ شہید ہوگیا۔

یہ افسوسناک واقعہ رات 12 بجے کے قریب مین ہائی وے روڈ پر کنڈیارو ٹول پلازہ کے قریب پیش آیا جہاں موٹر سائیکل پر سوار نامعلوم ڈاکوؤں نے اندھا دھندھ فائرنگ کر دی۔

موصولہ اطلاعات کے مطابق شہید راشد علی اپنے بیمار والد غلام رسول بوڑیپوٹو کو گاؤں پوسرکو سے علاج کے لیے گمبٹ اسپتال لے جارہے تھے کہ کنڈیارو ٹول پلازہ کے قریب ڈاکوؤں نے ان پر حملہ کردیا۔ فائرنگ کے نتیجے میں راشد علی موقع پر ہی شہید ہو گئے جبکہ ان کے والد غلام رسول بوڑیپوٹو اور گاڑی کا ڈرائیور دھنی بخش شیدی شدید زخمی ہو گئے۔

واقعے کے بعد شہید کی لاش کو کنڈیارو اسپتال منتقل کیا گیا، جہاں ضروری قانونی کارروائی مکمل کرنے کے بعد لاش ورثاء کے حوالے کردی گئی۔ بعد ازاں میت کو مٹھی کے نواحی گاؤں پوسرکو پہنچایا گیا جہاں گاؤں سمیت پورے صحرائے تھر میں سوگ کی لہر دوڑ گئی۔

شہید راشد علی کی نماز جنازہ شام 5 بجے گاؤں پوسرکو میں ادا کی گئی جس میں اہل علاقہ کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ بعد ازاں لاش کو مٹی کے حوالے کر دیا گیا۔

تھرپارکر کے دیہاتیوں اور عوام نے حکومت اور متعلقہ اداروں سے بڑھتی ہوئی ڈاکوؤں کے خلاف سخت اقدامات کرنے اور معصوم لوگوں کو تحفظ فراہم کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔

واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے بلاول ہاؤس کے ترجمان سریندر ولاسائی نے ایس ایس پی نوشہرو فیروز سے بات کی، جنہوں نے یقین دلایا کہ ملزمان کو جلد از جلد گرفتار کر لیا جائے گا۔

مزید خبریں

Back to top button