سکھر: بجلی چوری کیخلاف کریک ڈاؤن،غیر قانونی کنڈا کنیکشنز منقطع، کسی کو بھی بجلی چوری کی اجازت نہیں دینگے: سیپکو

سکھر(جانوڈاٹ پی کے)سیپکو کی جانب سے بجلی چوری کے خلاف بھرپور کریک ڈاؤن کرتے ہوئے پرانا سکھر اور ریجنٹ کے مختلف علاقوں میں غیر قانونی کنڈا کنیکشنز منقطع کر دیے گئے، جبکہ بجلی چوری میں استعمال ہونے والی تاریں بھی قبضے میں لے لی گئیں۔تفصیلات کے مطابق سی ای او سیپکو کی خصوصی ہدایات پر ایکسین کاشف، ایس ڈی او اولڈ سکھر سید وقار شاہ، ایل ایس زوہیب باجکانی، عقیل دایو اور شہباز پیرزادہ کی قیادت میں پرانا سکھر اور ریجنٹ کے مختلف علاقوں، جن میں نمائش چوک، میرانی محلہ اور ملحقہ علاقے شامل ہیں، میں مشترکہ آپریشن کیا گیا۔ کارروائی کے دوران بجلی کے ڈائریکٹ اور غیر قانونی کنڈا کنیکشنز کی نشاندہی کرتے ہوئے انہیں فوری طور پر منقطع کر دیا گیا۔اس موقع پر ایکسین کاشف اور ایس ڈی او سید وقار شاہ نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ سیپکو چیف اعجاز احمد چنہ کی ہدایات کے مطابق بجلی چوری کے خلاف زیرو ٹالرنس پالیسی پر عمل کیا جا رہا ہے اور یہ مہم بلا تعطل جاری رہے گی۔ انہوں نے واضح کیا کہ سب ڈویژن پرانا سکھر اور ریجنٹ کے کسی بھی علاقے میں کسی فرد یا گروہ کو بجلی چوری کی اجازت نہیں دی جائے گی۔ایس ڈی او سید وقار شاہ نے مزید کہا کہ جو بھی شخص بجلی چوری میں ملوث پایا گیا، اس کے خلاف سخت قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔ انہوں نے شہریوں سے اپیل کی کہ وہ غیر قانونی طریقوں سے گریز کریں اور قانونی ذرائع سے بجلی کے کنکشن حاصل کریں تاکہ کسی قسم کی قانونی کارروائی سے بچا جا سکے۔سیپکو حکام کا کہنا تھا کہ عوام کے تعاون سے ہی بجلی کی منصفانہ تقسیم ممکن ہے، جبکہ بجلی چوری کے خاتمے سے نہ صرف بجلی کا نظام بہتر ہوگا بلکہ ایماندار صارفین کو بھی ریلیف ملے گا۔ حکام کے مطابق بجلی چوری کے خلاف ایسے آپریشنز آئندہ بھی پرانا سکھر، ریجنٹ اور دیگر علاقوں میں جاری رکھے جائیں گے۔

مزید خبریں

Back to top button