مٹیاری میں ڈپٹی کمشنر کی زیر صدارت نیشنل ایکشن پلان کا اجلاس، غیر ملکی ماہرین کی حفاظت یقینی بنانے کا حکم

مٹیاری (رپورٹ امجد راجپوت)ڈپٹی کمشنر مٹیاری محمد یوسف شیخ نے لطیف ہال مٹیاری میں ضلعی کوآرڈینیشن کمیٹی برائے نیشنل ایکشن پلان (NAP) کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے متعلقہ افسران کو ہدایت کی کہ سی پیک اور نان سی پیک منصوبوں سمیت ضلع میں موجود چینی انجینئرز اور غیر ملکی ماہرین کی مکمل سکیورٹی کو یقینی بنایا جائے۔ انہوں نے کہا کہ سکیورٹی کے معاملات میں کسی بھی قسم کی کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی۔

ڈپٹی کمشنر نے ہدایت کی کہ ضلع میں موجود تمام مدارس اور وہاں زیرِ تعلیم طلبہ کی رجسٹریشن کا عمل جلد مکمل کیا جائے، جبکہ غیر رجسٹرڈ مدارس کے خلاف قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے۔

اجلاس کے دوران انہوں نے واضح ہدایات جاری کیں کہ ضلع میں چلنے والے غیر قانونی، غیر معیاری اور مقدار سے کم پیٹرول فروخت کرنے والے پیٹرول پمپس کو فوری طور پر سیل کیا جائے، جبکہ غیر رجسٹرڈ گوداموں کے خلاف بھی سخت کارروائی کر کے تفصیلی رپورٹ پیش کی جائے۔

ڈی سی نے کہا کہ ضلع میں موجود بھٹوں کی باقاعدہ نگرانی کی جائے اور وہاں کام کرنے والے غیر ملکی یا غیر رجسٹرڈ مزدوروں کی نشاندہی کر کے قانون کے مطابق کارروائی کی جائے۔ انہوں نے ریجنل ٹرانسپورٹ اتھارٹی کے سیکریٹری کو ہدایت کی کہ قوانین کی خلاف ورزی کرنے والی، اوورلوڈنگ اور زائد کرایہ وصول کرنے والی گاڑیوں کے خلاف روزانہ کی بنیاد پر کارروائی کر کے رپورٹ پیش کی جائے۔

اس موقع پر آبکاری، محصول اور کسٹمز کے محکموں کے افسران کو ہدایت دی گئی کہ ضلع میں نان کسٹم پیڈ گاڑیوں، غیر قانونی سگریٹس، منشیات اور نشہ آور اشیاء کی روک تھام کے لیے مشترکہ اور مؤثر کارروائی کی جائے۔

ڈپٹی کمشنر نے اسکولوں، درگاہوں اور دیگر عوامی مقامات کے سامنے قائم تجاوزات کو فوری طور پر ختم کرنے کی بھی ہدایات جاری کیں، جبکہ بجلی چوری کرنے والوں، پیشہ ور بھکاریوں اور بچوں سے جبری مشقت کروانے والوں کے خلاف سخت اقدامات پر زور دیا۔

اینٹی بیگری مہم کے حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے ڈی سی نے کہا کہ خاص طور پر بچوں سے بھیک منگوانا ایک سنگین جرم ہے، جس میں ملوث والدین کے خلاف سخت قانونی کارروائی کی جائے گی۔

اجلاس میں بتایا گیا کہ ضلع میں کل 117 مدارس ہیں، جن میں سے 108 رجسٹرڈ ہیں، جبکہ 78 گودام رجسٹرڈ ہیں۔ دسمبر کے مہینے میں 7 غیر قانونی پیٹرول پمپس سیل کیے گئے۔اجلاس میں تمام متعلقہ محکموں کے افسران نے شرکت کی۔

مزید خبریں

Back to top button