بدین، قوم پرست رہنماؤں پر جھوٹے مقدمات کیخلاف رہبر کمیٹی کی احتجاجی ریلی

بدین (رپورٹ مرتضیٰ میمن/جانو ڈاٹ پی کے)بدین میں رہبر کمیٹی کی اپیل پر جسم اور جسقم کے بشیر خان کی جانب سے قوم پرست رہنماؤں پر جھوٹے مقدمات درج کرنے اور سائیں جی ایم سید کی سالگرہ کے موقع پر جانے والوں کو روکنے کے خلاف احتجاجی ریلی نکالی گئی یہ ریلی قوم پرست رہنماؤں عبدالحفیظ بجیر، ستار مغیری، ارباب صنم نہڑیو، جانگیر خاصخیلی، نظیر دیشی، رضا خاصخیلی اور دیگر کی قیادت میں نیو واہ موری سے روانہ ہو کر بدین پریس کلب پہنچی اس موقع پر رہنماؤں نے کہا کہ سندھ پولیس پیپلز پارٹی کی حکومت کی آلۂ کار بنی ہوئی ہے۔ سائیں جی ایم سید کی سالگرہ میں شرکت کے لیے جانے والے پُرامن اور عدم تشدد کے قافلوں کو پولیس نے راستوں میں روکا، ان پر تشدد کیا اور قوم پرست رہنماؤں کے خلاف جھوٹے مقدمات درج کرکے ظلم و زیادتی کی جا رہی ہے انہوں نے کہا کہ جبر، تشدد اور سختیاں ہمیں اپنے مؤقف سے پیچھے ہٹنے پر مجبور نہیں کر سکتیں۔ ہم سندھ کی خوشحالی اور آزادی کے لیے ہر محاذ پر جدوجہد کے لیے تیار ہیں۔ رہنماؤں نے مطالبہ کیا کہ فوری طور پر جھوٹے مقدمات واپس لیے جائیں، بصورتِ دیگر پورا سندھ احتجاج کی لپیٹ میں آ جائے گا۔

مزید خبریں

Back to top button