کیپٹن (ر) محمد علی اعجاز ڈپٹی کمشنر لاہور تعینات، فوری چارج سنبھالنے کا حکم

لاہور (جانوڈاٹ پی کے) حکومتِ پنجاب کے سروسز اینڈ جنرل ایڈمنسٹریشن ڈیپارٹمنٹ (ایس اینڈ جی اے ڈی) نے ایک نوٹیفکیشن جاری کرتے ہوئے ضلعی انتظامیہ لاہور میں اہم تقرری و تبادلے کر دیے ہیں۔

جاری کردہ نوٹیفکیشن کے مطابق ڈپٹی کمشنر لاہور سید موسیٰ رضا (پی اے ایس/بی ایس-19) کو فوری طور پر اپنے عہدے سے تبدیل کر کے سروسز اینڈ جنرل ایڈمنسٹریشن ڈیپارٹمنٹ رپورٹ کرنے کی ہدایت کی گئی ہے، جہاں وہ مزید احکامات کے منتظر رہیں گے۔ نوٹیفکیشن میں بتایا گیا ہے کہ سید موسیٰ رضا کو 39ویں سینئر مینجمنٹ کورس (SMC) میں شرکت کے لیے ریلیو کیا گیا ہے۔

اسی نوٹیفکیشن کے تحت کیپٹن (ر) محمد علی اعجاز (پی اے ایس/بی ایس-19)، جو اس وقت وزیراعلیٰ پنجاب کے پرسنل اسٹاف آفیسر کے طور پر خدمات انجام دے رہے تھے، کو فوری طور پر ڈپٹی کمشنر لاہور تعینات کر دیا گیا ہے۔ ان کی تعیناتی صوبائی سول سروسز ایکٹ 1974 کی سیکشن 9 کے تحت عمل میں لائی گئی ہے، اور وہ سید موسیٰ رضا کی جگہ بطور ڈپٹی کمشنر لاہور فرائض انجام دیں گے۔

نوٹیفکیشن کے مطابق یہ احکامات گورنر پنجاب کی منظوری سے جاری کیے گئے ہیں، جن پر چیف سیکرٹری پنجاب زاہد اختر زمان کے دستخط ثبت ہیں۔ مزید برآں، نوٹیفکیشن کی نقول وفاقی و صوبائی سطح کے متعلقہ حکام، بشمول اسٹیبلشمنٹ ڈویژن، وزیراعلیٰ آفس، گورنر ہاؤس، پنجاب سروس ٹریبونل، تمام ڈویژنل کمشنرز اور دیگر متعلقہ محکموں کو آگاہی اور ضروری کارروائی کے لیے ارسال کر دی گئی ہیں۔

حکومتی ذرائع کے مطابق ضلعی انتظامیہ لاہور میں یہ تبدیلیاں انتظامی امور کو مزید مؤثر بنانے اور افسران کی پیشہ ورانہ تربیت کے تسلسل کے تحت کی گئی ہیں۔

مزید خبریں

Back to top button