پاکستان میں پہلی بار سندھ حکومت نے الیکٹرک بسیں متعارف کرائیں، پنجاب نے بعد میں ای وی بسیں شروع کیں، شرجیل میمن

کراچی(جانوڈاٹ پی کے)سندھ کے سینئر وزیر اور صوبائی وزیر برائے اطلاعات، ٹرانسپورٹ اور ماس ٹرانزٹ شرجیل انعام میمن نے کہا ہے کہ سندھ حکومت نے پاکستان کی تاریخ میں پہلی بار سندھ، بالخصوص کراچی شہر میں الیکٹرک بسیں متعارف کرائیں۔ یہ ویژن پاکستان پیپلز پارٹی کی قیادت اور حکومت سندھ کا ہے۔ ہمارے بعد پنجاب حکومت نے بھی ای وی بسیں شروع کیں۔ ہم صرف ای وی بسوں تک محدود نہیں رہے بلکہ ای وی اسکوٹیز کا آغاز بھی کیا اور اب ای وی ٹیکسیز شروع کرنے جا رہے ہیں۔
سندھ اسمبلی میں خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ میں کابینہ میں ای وی گاڑیوں کی حمایت کرتا آیا ہوں۔ ہمیں یہ جاننا ہوگا کہ حکومتیں پیٹرول کی مد میں کتنا خرچ کرتی ہیں اور ایسی حکمت عملی بنانی ہوگی جس سے پیٹرول کی بچت ممکن ہو۔
انہوں نے کہا کہ سرکاری دفاتر میں جنریٹرز پر بھی بھاری اخراجات آتے ہیں، اسی لیے سندھ حکومت نے ہسپتالوں اور سکولوں کو سولرائز کیا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ 5000 بسیں بہت بڑی تعداد ہے۔ اتنی بسیں لانے میں وقت لگے گا کیونکہ یہ جدید ٹیکنالوجی پر مبنی اور مہنگی ہیں، جبکہ انفراسٹرکچر کے مسائل بھی درپیش ہیں۔
شرجیل انعام میمن نے کہا کہ ٹرانسپورٹرز کی ہڑتال مختلف وجوہات کی بنا پر تھی۔ گزشتہ چند روز کے دوران ایسے واقعات پیش آئے جن کی وجہ سے سڑکیں بند رہیں۔ کراچی میں ہیوی ٹریفک کو نذر آتش کرنے کے واقعات بھی ہوئے۔ وفاقی حکومت کے ساتھ کچھ مطالبات کے باعث ٹرانسپورٹرز نے احتجاج کیا تھا۔ تاہم حکومت سندھ اور وفاقی حکومت نے مل کر ٹرانسپورٹرز کے مسائل سنے اور انہیں حل کر دیا گیا۔



