لیسکو میں سولر گرین میٹرز کی تنصیب معطل، ہزاروں صارفین متاثر

لاہور(جانوڈاٹ پی کے) وزارتِ توانائی کی ہدایات پر لاہور الیکٹرک سپلائی کمپنی (لیسکو) نے سولر گرین میٹرز کی تنصیب پر عارضی پابندی عائد کر دی ہے، جس کے باعث گھریلو اور صنعتی شعبے سے تعلق رکھنے والے ہزاروں صارفین سولر نیٹ میٹرنگ کی سہولت سے محروم ہو گئے ہیں۔

لیسکو حکام کے مطابق نیشنل الیکٹرک پاور ریگولیٹری اتھارٹی (نیپرا) کی جانب سے سولر گرین میٹرز لگانے کی اجازت موجود تھی، تاہم وزارتِ توانائی کے تازہ احکامات کے بعد اس عمل کو روک دیا گیا ہے۔ حکام کا کہنا ہے کہ ادارہ وزارت کے فیصلے پر عملدرآمد کا پابند ہے۔

ذرائع کے مطابق سولر گرین میٹرز کی تنصیب پر عائد پابندی ایک سے دو ماہ تک برقرار رہ سکتی ہے۔ لیسکو نے نئی درخواستوں پر میٹر لگانے کا عمل روک دیا ہے اور واضح کیا ہے کہ اب نئی سولر گرین میٹر پالیسی کے اجراء کے بعد ہی تنصیب دوبارہ شروع کی جائے گی۔

حکام نے بتایا کہ صرف لیسکو ہی نہیں بلکہ ملک بھر کی تمام ڈسکوز میں بھی عارضی طور پر سولر کنکشنز کی فراہمی روک دی گئی ہے، جس سے قابلِ تجدید توانائی کے شعبے اور صارفین میں تشویش پائی جا رہی ہے۔

مزید خبریں

Back to top button