کوئٹہ: اچکزئی پلازہ میں شدید آگ، 200 سے زائد دکانیں متاثر

کوئٹہ (جانوڈاٹ پی کے) کوئٹہ کے پرنس روڈ پر واقع 4 منزلہ اچکزئی پلازہ میں شدید آگ بھڑک اُٹھی، جس نے تاجر برادری میں شدید تشویش پیدا کر دی ہے۔
ذرائع کے مطابق پلازے میں 200 سے زائد دکانیں اور ایک بیسمینٹ شامل ہیں، جہاں کمپیوٹر، موبائل فون، گارمنٹس اور دیگر اشیاء کی دکانیں قائم تھیں، جس کے باعث مالی نقصان کے خدشات شدت اختیار کر گئے ہیں۔
حکام کے مطابق جائے وقوعہ پر پولیس، فائر بریگیڈ اور دیگر فورسز کے اہلکار موجود ہیں تاکہ ہنگامی کارروائی اور عوام کی حفاظت کو یقینی بنایا جا سکے۔ تاہم پانچ گھنٹے کے باوجود فائر بریگیڈ آگ پر مکمل قابو پانے میں کامیاب نہیں ہو سکی۔
پی ڈی ایم اے حکام کا کہنا ہے کہ آگ کی شدت اور دھوئیں کی موجودگی کے باعث فائر فائٹنگ میں مشکلات کا سامنا ہے، اور آگ پر قابو پانے کے لیے فائر بال کا استعمال کیا جا رہا ہے۔
ریسکیو حکام نے بتایا کہ متاثرہ پلازہ میں موجود دکانوں کی نوعیت اور تعداد کے باعث مالی نقصان بہت زیادہ ہو سکتا ہے، جبکہ عمارت میں موجود افراد کی حفاظت اولین ترجیح ہے۔



