بہت سے ممالک جے ایف 17 تھنڈر طیارے خریدنے کیلئے تیار ہیں، خواجہ آصف

اسلام آباد (جانوڈاٹ پی کے)وزیر دفاع خواجہ آصف نے کہا ہے کہ متعدد ممالک جے ایف 17 تھنڈر جنگی طیارے خریدنے کیلئے تیار ہیں اور معرکۂ حق کے بعد اس طیارے کی عالمی سطح پر مانگ میں نمایاں اضافہ ہوا ہے۔
نجی ٹی وی چینل سے گفتگو کرتے ہوئے وزیر دفاع کا کہنا تھا کہ جے ایف 17 تھنڈر کی اہمیت اب کئی یورپی جنگی طیاروں سے بھی بڑھ چکی ہے، تاہم انہوں نے اس مرحلے پر کسی مخصوص ملک کے ساتھ ممکنہ معاہدے کی تفصیلات بتانے سے گریز کیا۔
سیاسی امور پر گفتگو کرتے ہوئے خواجہ آصف نے محمود خان اچکزئی اور سابق وزیر اعظم نواز شریف کے دوستانہ تعلقات کی تصدیق کی۔ ان کا کہنا تھا کہ محمود خان اچکزئی کے نواز شریف اور ان کے ساتھ اچھے تعلقات ہیں، اختلاف رائے اپنی جگہ مگر محمود خان اچکزئی کی سیاست مسلمہ ہے۔
قبل ازیں ایک اور گفتگو میں وزیر دفاع نے پی ٹی آئی پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ وہ دو نمبری نہیں بلکہ پانچ نمبری کر رہے ہیں، جبکہ سیاست کا محور شخصیات کے بجائے ملک ہونا چاہیے۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ محمود خان اچکزئی کی تقرری سے ایوان کا تقدس برقرار رہے گا اور سینیٹ میں اپوزیشن لیڈر کا تقرر بھی جلد مکمل ہو جائے گا۔
خواجہ آصف نے مزید کہا کہ اگر گفت و شنید نیک نیتی سے کی جائے تو تمام مسائل حل ہو سکتے ہیں، جن میں چیف الیکشن کمشنر کے تقرر کا معاملہ بھی شامل ہے۔



