امریکا میں ایک اور تاریخ رقم، غزالہ ہاشمی نے قرآن پر ورجینیا کی نائب گورنر کا حلف اٹھا لیا

ورجینا(مانیٹرنگ ڈیسک) امریکا کی ریاست ورجینیا میں تاریخ رقم ہو گئی، جہاں پہلی مسلم خاتون غزالہ ہاشمی نے نائب گورنر کے عہدے کا حلف قرآنِ پاک پر اٹھا لیا۔ اس تاریخی تقریب کو امریکا میں مذہبی اور ثقافتی تنوع کی ایک اہم مثال قرار دیا جا رہا ہے۔

اسی تقریب میں ورجینیا کی تاریخ میں پہلی بار ایک خاتون، ایبی گیل اسپین برجر، نے گورنر کے عہدے کا حلف سنبھالا، جبکہ اٹارنی جنرل کے منصب پر پہلی مرتبہ سیاہ فام رہنما جے جونز نے ذمہ داریاں سنبھال لیں۔

غزالہ ہاشمی نہ صرف ورجینیا کی پہلی مسلم نائب گورنر ہیں بلکہ وہ اس عہدے پر فائز ہونے والی پہلی خاتون بھی ہیں۔ حلف برداری کی تقریب کے موقع پر انٹرفیتھ پریئر بریک فاسٹ کا اہتمام کیا گیا، جہاں امام شریف نے دعا کروائی۔

تقریب میں مختلف سیاسی، سماجی اور کمیونٹی رہنماؤں نے شرکت کی، جن میں سینیٹر صدام ازلان سلیم، سینیٹر کنعان اور دیگر نمایاں شخصیات شامل تھیں۔ اس موقع پر ایڈمز اسکاؤٹنگ امریکا اور گرلز اسکاؤٹس کی جانب سے ایک خصوصی پریڈ بھی نکالی گئی، جس کی قیادت رضوان جاکا، احسن اللہ، بیتھنی رشید اور دیگر نے کی۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے رضوان جاکا نے امید ظاہر کی کہ ورجینیا میں اتحاد، شمولیت اور تنوع کو مزید فروغ ملے گا۔ گورنر کے ایشین امریکن ایڈوائزری بورڈ کے چیئر منصور قریشی نے کہا کہ نئی قیادت بلا امتیاز تمام شہریوں، بالخصوص جنوبی ایشیائی کمیونٹی کی خدمت کرے گی۔

مزید خبریں

Back to top button