پٹرولیم مصنوعات پر بھاری ٹیکسز کا انکشاف

اسلام آباد(جانوڈاٹ پی کے)پٹرولیم مصنوعات پر صارفین سے وصول کیے جانے والے مختلف ٹیکسز کی تفصیلات قومی اسمبلی میں پیش کر دی گئیں، جن سے انکشاف ہوا ہے کہ پٹرولیم مصنوعات پر تین مختلف اقسام کے ٹیکسز صارفین سے وصول کیے جا رہے ہیں۔
دستاویزات کے مطابق ہائی اسپیڈ ڈیزل پر صارفین سے مجموعی طور پر تقریباً 78 روپے جبکہ پٹرول پر 82 روپے تک ٹیکس وصول کیا جا رہا ہے۔ اس کے علاوہ ہائی اسپیڈ ڈیزل اور پٹرول دونوں پر 10 فیصد کسٹم ڈیوٹی بھی عائد ہے۔
تفصیلات کے مطابق ہائی اسپیڈ ڈیزل پر 75 روپے 41 پیسے پٹرولیم لیوی، 2 روپے 50 پیسے کلائمیٹ سپورٹ لیوی اور 10 فیصد کسٹم ڈیوٹی وصول کی جا رہی ہے۔
دستاویز میں بتایا گیا ہے کہ پٹرول پر 79 روپے 62 پیسے پٹرولیم لیوی، 2 روپے 50 پیسے کلائمیٹ سپورٹ لیوی کے علاوہ 10 فیصد کسٹم ڈیوٹی بھی وصول کی جا رہی ہے، جبکہ فرنس آئل پر 77 روپے پٹرولیم لیوی عائد ہے۔
مزید بتایا گیا کہ کیروسین آئل پر 18 روپے 95 پیسے اور لائٹ ڈیزل آئل پر 15 روپے 37 پیسے پٹرولیم لیوی وصول کی جا رہی ہے، جبکہ فرنس آئل پر 18 فیصد جنرل سیلز ٹیکس (GST) بھی لاگو ہے۔
دستاویز کے مطابق پٹرولیم مصنوعات پر پٹرولیم لیوی، پٹرولیم لیوی اور کلائمیٹ سپورٹ آرڈیننس 1961 کے تحت وصول کی جا رہی ہے، جبکہ کلائمیٹ سپورٹ لیوی کا اطلاق یکم جولائی 2025 سے کیا گیا ہے۔



