گرین لینڈ امریکا کے کنٹرول میں آئے بغیر دنیا محفوظ نہیں ہو سکتی، صدر ڈونلڈ ٹرمپ

واشنگٹن (مانیٹرنگ ڈیسک)امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا ہے کہ دنیا اس وقت تک محفوظ نہیں ہو سکتی جب تک گرین لینڈ امریکا کے کنٹرول میں نہ آ جائے۔
امریکی ٹی وی چینل کو ٹیلی فونک انٹرویو دیتے ہوئے صدر ٹرمپ کا کہنا تھا کہ یورپ کو گرین لینڈ پر اعتراضات کے بجائے روس اور یوکرین کے درمیان جاری جنگ پر توجہ دینی چاہیے۔ ان کے مطابق یورپ میں موجودہ عدم استحکام کی بنیادی وجہ بھی روس یوکرین جنگ ہی ہے۔
صدر ٹرمپ نے اعلان کیا کہ گرین لینڈ کے حصول تک ڈنمارک سمیت آٹھ یورپی ممالک پر ٹیرف عائد کیا جائے گا۔ تاہم گرین لینڈ کے معاملے پر طاقت کے استعمال سے متعلق سوال پر انہوں نے کوئی براہِ راست تبصرہ کرنے سے گریز کیا۔
ایک اور سوال کے جواب میں امریکی صدر نے کہا کہ انہیں نوبیل امن انعام کی کوئی پرواہ نہیں، ان کے بقول نوبیل امن انعام ناروے کے کنٹرول میں ہے، چاہے وہ اس حقیقت کا انکار ہی کیوں نہ کریں۔
صدر ٹرمپ کے اس بیان پر یورپی سیاسی حلقوں میں نئی بحث اور تشویش پیدا ہو گئی ہے۔



