مودی حکومت کو کشمیر کی کوئی پرواہ نہیں، سابق ’’را‘‘ چیف

نئی دہلی(جانوڈاٹ پی کے)بھارتی خفیہ ایجنسی ’را‘ کے سابق سربراہ اے ایس دولت نے کہا ہےکہ مقبوضہ کشمیر کی صورتحال پر مودی حکومت کو کوئی پرواہ نہیں۔

اے ایس دولت نے کشمیریوں میں مایوسی کا ذکر چنئی میں منعقدہ لیٹریچر فیسٹول میں کیا۔

سابق ’را‘ چیف نے کہا کہ کشمیر میں موجودہ سیاسی صورتحال میں بے بسی کا احساس غالب ہے اور نئی دہلی کو کشمیر اور کشمیریوں کے حالات کی کوئی خاص فکر نہیں۔

انہوں نے کہا کہ کشمیر اس وقت جمود کا شکار ہے اور کشمیری صرف امید کے سہارے زندہ ہیں۔

اے ایس دولت کا کہنا تھا کہ واجپائی کے دور کی بی جے پی اور نریندر مودی کی بی جے پی میں زمین آسمان کا فرق ہے، سابق وزیراعظم اٹل بہاری واجپائی کشمیر کے مسئلے کے حل میں سنجیدہ دلچسپی رکھتے تھے جب کہ موجودہ مودی حکومت کو اس سے زیادہ سروکار نہیں ہے۔

کشمیر میں آرٹیکل 370 کی منسوخی پر بات کرتے ہوئے ’را‘ کے سابق سربراہ نے کہا کہ کشمیریوں سے یہ علامتی سہارا بھی چھین لیا گیا ہے، آرٹیکل 370 کے خاتمے کے بعد جس بڑے احتجاج کی توقع تھی وہ نہیں ہوا بلکہ کشمیری خاموش ہوگئے اور یہی خاموشی خوفناک ہے کیونکہ اس کے نتائج کا اندازہ نہیں لگایا جا سکتا۔

اس فیسٹول میں بالی وڈ فلموں میں مسلمانوں کو منفی کرداروں میں دکھانے جانے پر شدید تنقید کی گئی۔

مقررین نے کہا کہ بھارتی فلم انڈسٹری مسلمانوں کے خلاف نفرت پھیلا رہی ہے اور مذہبی تقسیم کا باعث ہے۔۔

مزید خبریں

Back to top button