قمبر شہدادکوٹ: پولیس کی بے قابو اے پی سی کی ٹکر، گدھا اور مالک شدید زخمی

لاڑکانہ (رپورٹ: احسان جونیجو/نمائندہ جانو ڈاٹ پی کے) قمبر شہدادکوٹ میں پولیس کی بے قابو اے پی سی چین نے گدھا گاڑی کو ٹکر مار دی، جس کے نتیجے میں گدھا اور اس کا مالک شدید زخمی ہو گئے۔
حادثہ تحصیل وارہ کے علاقے لالو میں پیش آیا، جہاں پولیس کی اے پی سی چین کی ٹکر سے گدھے اور گدھا گاڑی چلانے والے لڑکے عبدالغفار کی ایک ایک ٹانگ اور پاؤں ٹوٹ گئے۔
عینی شاہدین کے مطابق حادثے کے فوراً بعد اے پی سی میں سوار پولیس اہلکار جائے حادثہ سے فرار ہو گئے۔ شہریوں نے زخمی لڑکے عبدالغفار کو فوری طور پر لاڑکانہ اسپتال منتقل کیا، جبکہ زخمی گدھے کو بھی گدھا گاڑی میں بٹھا کر جانوروں کے اسپتال پہنچایا گیا۔
واقعے کے بعد علاقہ مکینوں میں شدید غم و غصہ پایا جاتا ہے، شہریوں نے مطالبہ کیا ہے کہ اے پی سی چلانے والے پولیس اہلکاروں کے خلاف فوری قانونی کارروائی کی جائے تاکہ آئندہ ایسے واقعات کی روک تھام ہو سکے۔



