یکم فروری سے "بدلاؤ نظام، سنوارو سندھ” مہم کا باقاعدہ آغاز کرینگے،سہیل احمد شاہ رخ

مٹیاری(رپورٹ:امجد راجپوت/ جانو ڈاٹ پی کے)ھالا میں جماعت اسلامی سندھ کے صوبائی ڈپٹی جنرل سیکریٹری سہیل احمد شارخ اور جماعت اسلامی ضلع مٹیاری کے امیر فقیر محمد لاکو کی جانب سے "بدلاؤ نظام، سنوارو سندھ” کے عنوان سے پریس کانفرنس منعقد کی گئی۔

پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے رہنماؤں نے کہا کہ امیر جماعت اسلامی پاکستان حافظ نعیم الرحمان کی ہدایات پر یکم فروری سے سندھ سمیت پورے ملک میں "بدلاؤ نظام، سنوارو سندھ” مہم کا باقاعدہ آغاز کیا جائے گا، جس کے تحت ملک کو درپیش بارہ سنگین مسائل کو اجاگر کیا جائے گا۔

انہوں نے کہا کہ سندھ قدرتی وسائل سے مالا مال ہونے کے باوجود یہاں کے عوام دو وقت کی روٹی کے لیے پریشان ہیں۔ صوبے میں امن و امان کی صورتحال انتہائی خراب ہے جبکہ سماجی برائیاں عروج پر ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ تعلیم، صحت اور سرکاری اداروں میں کرپشن کا راج ہے، جس کے باعث بچوں کو تعلیم اور مریضوں کو علاج کی سہولیات میسر نہیں، اور غریب و نادار لوگ تڑپ تڑپ کر جان کی بازی ہار رہے ہیں۔

رہنماؤں نے مزید کہا کہ سندھ کی ڈیلٹا کو تباہ کرنے کے لیے دریائے سندھ پر ڈاکہ ڈالا جا رہا ہے، جس کے نتیجے میں سندھ بنجر ہونے کے خدشات بڑھتے جا رہے ہیں۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ ملک میں قانون اور آئین کی بالادستی قائم کی جائے اور امیر و غریب کے لیے یکساں قانون و انصاف فراہم کیا جائے۔

مزید خبریں

Back to top button