لندن میں ایرانی سفارت خانے کے باہر احتجاج: متعدد افراد گرفتار، پولیس اہلکار زخمی

لندن(مانیٹرنگ ڈیسک) برطانیہ کے دارالحکومت لندن میں ایرانی سفارت خانے کے باہر احتجاج کے دوران متعدد افراد کو گرفتار کر لیا گیا ہے۔ پولیس کے مطابق گرفتار افراد پر پرتشدد ہنگامہ آرائی، ایمرجنسی اہلکار پر حملہ، سرکاری و نجی املاک کو نقصان پہنچانے اور سفارتی احاطے میں غیر قانونی داخلے کے الزامات عائد کیے گئے ہیں۔
واقعے کے دوران ایک شخص نے سفارت خانے کی چھت پر نصب ایرانی پرچم اتارنے کی کوشش کی، جس کے بعد اسے حراست میں لے کر مجرمانہ نقصان پہنچانے کا مقدمہ درج کیا گیا۔ پولیس کا کہنا ہے کہ مظاہرین نے اس گرفتاری میں رکاوٹ ڈالنے کی بھی کوشش کی۔
احتجاج کے دوران پولیس اہلکاروں پر مختلف اشیاء پھینکی گئیں، جس کے نتیجے میں چار اہلکار معمولی نوعیت کی چوٹیں اٹھانے پر مجبور ہوئے۔ صورتحال کو قابو میں رکھنے اور مزید بدامنی سے بچنے کے لیے سیکشن 35 کے تحت مظاہرین کو منتشر کرنے کا حکم جاری کیا گیا۔



