گرین لینڈ تنازع: صدر ٹرمپ کا ڈنمارک سمیت آٹھ یورپی ممالک پر 10 فیصد ٹیرف عائد کرنے کا اعلان

واشنگٹن (مانیٹرنگ ڈیسک) امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ڈنمارک سمیت آٹھ یورپی ممالک پر 10 فیصد ٹیرف عائد کرنے کا اعلان کر دیا ہے، جبکہ یکم جون سے یورپی ممالک پر ٹیرف بڑھا کر 25 فیصد کرنے کا بھی عندیہ دیا گیا ہے۔

صدر ٹرمپ نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹروتھ سوشل پر جاری اپنے پیغام میں کہا کہ یہ ٹیرف ڈنمارک کے علاوہ ناروے، سویڈن، برطانیہ، نیدرلینڈز اور فن لینڈ سمیت دیگر یورپی ممالک پر لاگو ہوں گے۔ ان کا کہنا تھا کہ گرین لینڈ کی خریداری کے معاملے پر یورپی ممالک پر بھاری ٹیرف عائد کیا جا رہا ہے۔

امریکی صدر نے اپنے مؤقف میں کہا کہ گرین لینڈ عالمی اور امریکی قومی سلامتی کے لیے کلیدی حیثیت رکھتا ہے، جبکہ چین اور روس اس خطے پر گہری نظر رکھے ہوئے ہیں۔ ان کے مطابق گرین لینڈ کی حفاظت ڈنمارک کے بس کی بات نہیں اور امریکا کے سوا کوئی ملک اس کا مؤثر دفاع نہیں کر سکتا۔

ڈونلڈ ٹرمپ نے مزید کہا کہ گرین لینڈ کا حصول امریکی قومی سلامتی کے لیے ناگزیر ہے اور یورپی ممالک کی وہاں بڑھتی ہوئی موجودگی ایک خطرناک صورتحال کو جنم دے رہی ہے۔ انہوں نے اعلان کیا کہ امریکا گرین لینڈ کی مکمل خریداری تک یورپی ممالک پر عائد ٹیرف برقرار رکھے گا۔

صدر ٹرمپ کا کہنا تھا کہ گولڈن ڈوم دفاعی نظام کے لیے بھی گرین لینڈ انتہائی اہمیت کا حامل ہے۔ امریکا مذاکرات کے لیے تیار ہے، تاہم قومی مفادات کے تحفظ کے لیے سخت اقدامات ناگزیر ہیں۔

مزید خبریں

Back to top button