گل پلازے کی آگ پر 40 فیصد قابو پا لیا، سیاست نہ کی جائے، ترجمان سندھ حکومت

کراچی (جانوڈاٹ پی کے) سندھ حکومت کی ترجمان نے کہا ہے کہ گل پلازے میں لگی آگ پر 40 فیصد تک قابو پا لیا ہے، آگ بجھانے کے عمل میں رکاوٹیں پیش آ رہی ہیں، ہر چیز پر سیاست نہیں کرنی چاہئے۔
سندھ حکومت کی ترجمان سعدیہ جاوید نے نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ وفاقی ادارے، پاک بحریہ، کے ایم سی کا عملہ آگ بجھانے میں مصروف ہے، فائر فائٹرز پلازے میں داخل ہونے میں کامیاب نہیں ہو پا رہے۔
انہوں نے بتایا کہ آگ سے 5 لوگ جاں بحق اور 20 زخمی ہوئے، کچھ زخمیوں کو ہسپتال سے ڈسچارج کیا جا چکا ہے، اولین کوشش ہے کہ آگ پر فوری قابو پایا جاسکے، یہ تیسرے درجے کی آگ ہے، پلازے میں کیمیکل،کپڑا اورپلاسٹک اشیا موجود ہیں، ریسکیو، فائربریگیڈ عملہ، وفاقی و صوبائی ادارے آگ بجھانے میں مصروف ہیں۔
سعدیہ جاوید نے کہا کہ ریسکیو عملے نے بتایا ہے آگ پر 40 فیصد تک قابو پایاجاچکا، اس وقت تین ہائیڈرنٹ پانی پہنچانے میں مصروف عمل ہیں، ایم اے جناح روڈ پر گرین لائن کی کنسٹرکشن جاری ہے، پانی کے ٹینکرز کو تھوڑا دور سے آنا پڑرہا ہے۔
انہوں نے بتایا کہ پلازے میں موجود 7دروازوں میں سے صرف 2کھلے تھے، جس کی بھی غفلت ہوگی اس کیخلاف کارروائی ہوگی، چیئرمین بلاول بھٹو نے خود وزیراعلیٰ سندھ سے بات کی اورہدایات جاری کیں، ہر چیز پر سیاست نہیں کرنی چاہئے، منعم ظفر ہر چیز پر سیاست کرتے ہیں۔



