ٹرمپ کی گرین لینڈ پر امریکی قبضے کے مخالف ممالک پر ٹیرف لگانے کی دھمکی

واشنگٹن(جانوڈاٹ پی کے)امریکی صدر ٹرمپ نے گرین لینڈ پر امریکا کے مجوزہ قبضے کی مخالفت کرنے والے ممالک پر ٹیرف  لگانےکی دھمکی دے دی۔

 اپنے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ٹروتھ سوشل میں جاری بیان میں ٹرمپ کا کہنا تھا کہ  وہ اگلے ماہ سے ڈنمارک اور اس کے یورپی اتحادیوں پر 10 فیصد درآمدی ٹیرف نافذ کریں گے تاکہ گرین لینڈ کے حصول کے لیے دباؤ میں مزید اضافہ کیا جائے۔

ٹرمپ کا کہنا تھا کہ  ہم نے کئی برسوں بلکہ صدیوں تک ڈنمارک  اور  یورپی یونین کے تمام ممالک  اور دیگر  ریاستوں کو سبسڈی دی ہے،  ہم نے ان سے نہ تو ٹیرف وصول کیا اور نہ ہی کسی اور قسم کا معاوضہ لیا۔ اب صدیوں بعد  وقت آ گیا ہےکہ ڈنمارک  اس کا ازالہ  کرے ،کیونکہ عالمی امن داؤ پر لگا ہوا ہے۔

امریکی صدر کا کہنا تھا کہ نیا ٹیرف  ڈنمارک، ناروے، سویڈن، فرانس، جرمنی، برطانیہ، نیدرلینڈز  اور فن لینڈ پر لاگو ہوگا۔ یہ ٹیرف یکم فروری سے 10 فیصد کی شرح سے نافذ ہوگا اور اسے  یکم جون سے بڑھا کر 25 فیصد کردیا جائےگا۔

ٹرمپ کا کہنا تھا کہ  یہ ٹیرف اس وقت تک وصول ہوتا رہےگا جب تک گرین لینڈ کی مکمل اور حتمی خریداری کے لیے کوئی معاہدہ طے نہیں پا جاتا۔ یہ ممالک انتہائی خطرناک کھیل کھیل رہے ہیں، عالمی امن اور سلامتی کے تحفظ کے لیے سخت اقدامات ناگزیر ہیں۔

انہوں نے دعویٰ کیا کہ امریکا  150 سال سے زائد عرصے سےگرین لینڈ خریدنےکی کوشش کر رہا ہے مگر ڈنمارک نے ہمیشہ انکار کیا۔

ٹرمپ کا مزیدکہنا تھا کہ  اب گولڈن ڈوم اور جدید دور کے ہتھیاروں کے نظام کے باعث گرین لینڈکا حصول اہم ہو چکا ہے۔

امریکی صدر کا یہ اعلان ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب گرین لینڈ  پر  امریکی کنٹرول کے مطالبات میں تیزی آ رہی ہے۔ اس کے ساتھ ہی ڈنمارک کی حکومت نے بھی گرین لینڈ اور اس کے اطراف میں اپنی فوجی موجودگی بڑھا دی ہے۔

گزشتہ دنوں  قبل فرانس اور سویڈن سمیت کئی یورپی ممالک کے فوجی دستے ڈنمارک کی جانب سے منعقد کی گئی مشترکہ فوجی مشقوں میں حصہ لینے کے لیے گرین لینڈ پہنچے تھے۔

مزید خبریں

Back to top button