انڈر 19 ورلڈ کپ میں بھی کرکٹ سیاست کی نذر، بھارتی کپتان نے بنگلا دیشی کپتان سے ہاتھ نہ ملایا

ہرارے(جانوڈاٹ پی کے)بھارت کا کرکٹ کو سیاست زدہ کرنے کا سلسلہ جاری ہے اور انڈر19 ورلڈ کپ میں بھی بھارتی کپتان نے ٹاس کے وقت بنگلا دیشی کپتان سے ہاتھ نہیں ملایا۔

آئی سی سی انڈر نائنٹین کرکٹ ورلڈ کپ کے میچ میں ٹاس کے موقع پر دونوں کپتانوں نے ہینڈ شیک نہیں کیا اور آئی سی سی کے ایونٹ میں پہلی بار یہ واقعہ ہوا ہے۔

بنگلا دیش اور بھارت کے درمیان جاری کشیدگی اور پے در پے پیش آنے والے واقعات کا یہ  تسلسل تھا۔

بنگلا دیشی کھلاڑی مستفیض الرحمان کو آئی پی ایل فرنچائز کولکتہ نائٹ رائیڈرز سے باہر کرنے کا مطالبہ بھارت میں زور پکڑا تو کولکتہ نائٹ رائیڈرز نے مستفیض الرحمان کو ٹیم سے ریلیز کردیا۔

جواب میں بنگلا دیش کرکٹ بورڈ نے اپنی ٹیم بھارت بھیجنے سے انکار کردیا اور آئی سی سی سے نیوٹرل وینیو کا مطالبہ کردیا۔

آئی سی سی نے اس معاملے پر بات چیت کیلئے دو رکنی وفد بنگلا دیش بھیجنے کی تیاری کی تو بنگلا دیش کی حکومت نے پہلے تو وفد میں شامل بھارتی گورو سکسینا کو ویزہ جاری کرنے سے انکار کردیا پھر آمادگی ظاہر کردی۔

لیکن بھارت کی جانب سے ہاتھ نہ ملانے کے عمل کی بُنیاد پچھلے سال ایشیا کپ ٹی ٹوئنٹی میں رکھی گئی تھی جب پاکستان اور بھارت کے درمیان ہونے والے میچ کے موقع پر بھارتی کپتان سوریا کمار یادیو نے پاکستانی کپتان سلمان علی آغا سے ہاتھ نہیں ملایا۔

پھر میچ کے بعد بھی یہی ہوا، کھلاڑیوں نے ہاتھ نہیں ملایا۔

اس ایونٹ میں تین مرتبہ پاکستان اور بھارت آمنے سامنے آئے اور تینوں مرتبہ کپتانوں اور کھلاڑیوں نےا یک دوسرے سے ہاتھ نہیں ملایا۔

رائزنگ اسٹار کے ایونٹ اور انڈر 19 ایشیا کپ کرکٹ میں بھی پاکستان اور بھارت کے کھلاڑیوں نے ہینڈ شیک نہیں کیا تھا جبکہ اس دوران دیگر کھیلوں میں پاکستان اور بھارتی کھلاڑی ایک دوسرے سے ہاتھ ملاتے رہے۔

مزید خبریں

Back to top button