سندھ نے کارکردگی میں مثال قائم کی، دیگر صوبوں کو بھی ایسا ہی کرنا چاہیے، شرجیل انعام میمن

اسلام آباد(جانوڈاٹ پی کے)وزیر اطلاعات سندھ شرجیل انعام میمن نے کہا ہے کہ جس انداز سے سندھ حکومت نے مختلف شعبوں میں کارکردگی دکھائی ہے، باقی صوبوں کو بھی اسی جذبے اور رفتار سے کام کرنا چاہیے۔

نیشنل پریس کلب اسلام آباد میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے شرجیل انعام میمن نے کہا کہ بدقسمتی سے ملک میں سیاست کا محور ایک دوسرے پر تنقید بن چکا ہے، حالانکہ مثبت کاموں کو اجاگر کرنے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری نے دو روز قبل ایوان صدر میں سندھ کے ترقیاتی منصوبوں پر بریفنگ دی، جس پر بعض حلقوں نے مقام کے انتخاب پر تنقید کی، حالانکہ ایوان صدر سب کا ہے اور وہاں مختلف قومی تقاریب منعقد ہوتی رہتی ہیں۔

انہوں نے کہا کہ رانا ثنا اللہ کی جانب سے کی گئی تنقید مناسب نہیں، ایوان صدر میں بریفنگ لینے کے لیے باقاعدہ درخواست دی گئی تھی۔

شرجیل میمن کا کہنا تھا کہ بلاول بھٹو نے سائبر نائف ٹیکنالوجی پر گفتگو کی، جو دنیا کے صرف 11 ممالک میں دستیاب ہے، پاکستان میں یہ سہولت حکومت سندھ متعارف کرا رہی ہے اور مریضوں کو یہ علاج بالکل مفت فراہم کیا جا رہا ہے، دنیا کو معلوم ہونا چاہیے کہ پاکستان جدید طبی سہولیات دے رہا ہے۔

صوبائی وزیر نے کہا کہ سیلاب کے دوران بلاول بھٹو نے بے گھر افراد کو گھر دینے کا وعدہ کیا تھا، جس کے تحت سندھ میں 21 لاکھ گھروں کی تعمیر کا منصوبہ جاری ہے۔ پاکستان میں پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ کی سب سے بڑی مثال حکومت سندھ نے قائم کی ہے۔ سندھ کے اسپتالوں میں ملک بھر سے لوگ علاج کے لیے آتے ہیں اور کسی سے ڈومیسائل نہیں مانگا جاتا، اب تک 29 لاکھ افراد کا مفت علاج کیا جا چکا ہے۔

انہوں نے کہا کہ تھر کول منصوبے پر ایک ارب ڈالر سے زائد خرچ ہو چکے ہیں، تھرپارکر میں کوئلے کے دنیا کے بڑے ذخائر موجود ہیں اور یہاں سے پیدا ہونے والی بجلی نیشنل گرڈ میں شامل کی جا رہی ہے۔ سندھ حکومت کے یہ تمام منصوبے صرف صوبے نہیں بلکہ پورے پاکستان کے فائدے کے لیے ہیں۔

شرجیل انعام میمن نے کہا کہ بلاول بھٹو کی بریفنگ جیسے ایونٹس بیرون ملک بھی ہونے چاہئیں تاکہ دنیا کو بتایا جا سکے کہ پاکستان قدرتی وسائل سے مالا مال ملک ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس بریفنگ کو سفارتکاروں اور بزنس کمیونٹی کی جانب سے بے حد سراہا گیا اور پاکستان کی تاریخ میں پہلی بار اس نوعیت کا جامع ایونٹ منعقد ہوا۔

وزیر اطلاعات سندھ نے وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا کے دورہ سندھ پر بات کرتے ہوئے کہا کہ انہیں خوش آمدید کہا گیا، ان کے آئینی عہدے کا مکمل احترام کیا گیا اور کسی بھی سرگرمی سے نہیں روکا گیا، تاہم بعض سکیورٹی خدشات کے پیش نظر ضروری اقدامات کیے گئے۔

مزید خبریں

Back to top button