شہید فاضل راہو کی 39ویں برسی: راہوکی میں شاندار ادبی کانفرنس، جدوجہد کو بھرپور خراجِ تحسین

بدین (رپورٹ: مرتضیٰ میمن/جانو ڈاٹ پی کے)شہید محمد فاضل راہو کی 39ویں برسی کے موقع پر راہوکی میں ایک شاندار ادبی کانفرنس منعقد کی گئی، جس میں ادیبوں، شاعروں، دانشوروں اور سماجی کارکنوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔
کانفرنس میں شہید فاضل راہو کی جدوجہد، فکری ورثے اور سندھ کے غریب و مسکین عوام کے حقوق کے لیے دی گئی قربانیوں کو بھرپور انداز میں خراجِ تحسین پیش کیا گیا۔ مقررین نے کہا کہ شہید فاضل راہو کی فکر و سوچ آج بھی سندھ کے نوجوانوں کے لیے مشعلِ راہ ہے۔
معروف ادیب احمد سولنگی نے شہید فاضل راہو کو مساکین اور محروم طبقات کا سچا سورمو قرار دیا، جبکہ ڈاکٹر شیر مہرانی نے انہیں تاریخ کی روح سے تعبیر کیا۔ صوبائی وزیر محمد اسماعیل راہو نے کہا کہ شہید فاضل راہو غریب ہاریوں اور محکوم عوام کے ہمدرد رہنما تھے۔
ڈاکٹر اسماعیل کنبھار نے شہید فاضل راہو کی جدوجہد کو لازوال قرار دیتے ہوئے کہا کہ ان کی قربانیاں کبھی فراموش نہیں کی جا سکتیں۔ سندھ یونیورسٹی کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر فتح محمد مری نے کہا کہ شہید فاضل راہو سندھ کی سیاسی تاریخ کا ایک عظیم باب ہیں۔
تقریب کے دوران نامور شعراء فواد کلوڑ، منور ہالیپوٹہ، رامچند اوڈھ اور دیگر شعرا نے انقلابی شاعری کے ذریعے شہید فاضل راہو کو خراجِ عقیدت پیش کیا۔



