کراچی: 100 سے زائد بچوں سے زیادتی کے 2 ملزمان گرفتار

کراچی (جانوڈاٹ پی کے) کراچی پولیس نے بڑی کارروائی کرتے ہوئے 100 سے زائد بچوں سے جنسی زیادتی میں ملوث 2 ملزمان کو گرفتار کر لیا ہے۔ ایس پی انویسٹی گیشن عثمان سدوزئی کے مطابق مرکزی ملزمان عمران اور وقاص خان پر 2020 سے 2025 کے دوران 7 مختلف شکایات درج تھیں۔

ملزمان پر الزام ہے کہ انہوں نے مختلف اضلاع کے بچوں، جن کی عمریں 12 سے 13 سال کے درمیان تھیں، کو نشانہ بنایا۔ تفتیش میں ڈی این اے کے ثبوت سے ثابت ہوا کہ یہ دونوں ملزمان متعدد کیسز میں ملوث ہیں۔ عثمان سدوزئی نے بتایا کہ مرکزی ملزم عمران منظورکالونی کا رہائشی ہے اور پنکچر کا ٹھیلہ لگاتا ہے۔ ملزمان بچوں کو لالچ دے کر مختلف مقامات، بشمول ملیرندی اور سرجانی، لے جاتے تھے۔

ایس پی نے مزید بتایا کہ تین کیسز میں متاثرہ بچوں نے عمران کو شناخت کیا، جبکہ ایک کیس میں بچے نے عمران اور وقاص خان دونوں کو پہچانا۔ گرفتار مرکزی ملزم عمران نے چھ سال میں درجنوں بچوں کے ساتھ زیادتی کرنے کا اعتراف کیا۔

وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے واقعے پر ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ بچوں سے زیادتی کسی صورت قبول نہیں، اور یہ گرفتاری بڑی کامیابی ہے۔ وزیراعلیٰ نے پولیس کو ہدایت دی کہ شواہد کی بنیاد پر کیس عدالت میں لے جائے جائیں اور روزانہ پیش رفت رپورٹ فراہم کی جائے۔

انہوں نے مزید کہا کہ حکومت سندھ بچوں کے تحفظ کے لیے بھرپور اقدامات جاری رکھے گی اور شہر میں کسی درندے کے لیے جگہ نہیں۔

مزید خبریں

Back to top button