محسن نقوی کی امریکی سفیر سے ملاقات، پاک امریکہ تعلقات اور سکیورٹی تعاون پر بات چیت

اسلام آباد (جانوڈاٹ پی کے) وفاقی وزیر داخلہ و نارکوٹکس کنٹرول محسن نقوی نے امریکی سفیر نیٹلی بیکر کی قیادت میں آئے اعلیٰ سطحی وفد سے ملاقات کی، جس میں پاک امریکہ تعلقات کو مزید مستحکم کرنے اور مشترکہ مفادات کے شعبوں میں تعاون بڑھانے پر تفصیلی بات چیت ہوئی۔
ملاقات میں دوطرفہ سکیورٹی تعاون، بارڈر مینجمنٹ، اور امریکی اداروں جیسے اینٹی ٹیررسٹ سسٹنٹس پروگرام اور بیورو آف انٹرنیشنل نارکوٹکس اینڈ لا انفورسمنٹ کے ساتھ جاری شراکت کو مضبوط بنانے پر بات کی گئی۔ مستقبل میں ہر سطح پر بہتر کوآرڈینیشن کے ذریعے پاک امریکہ تعاون کو مزید فروغ دینے کا فیصلہ کیا گیا۔
محسن نقوی نے کہا کہ بیرون ملک جرائم میں ملوث افراد کی نشاندہی جدید سافٹ ویئر کے ذریعے کی جائے گی، جبکہ ایف آئی اے، فیڈرل کانسٹیبلری اور سائبر کرائم ایجنسی کے افسران کے لیے تربیتی پروگرامز جاری رہیں گے۔ امریکی تعاون سے ایف آئی اے میں سنٹر فار ٹرانسفارمیشن کرائم اور اکیڈمی کے قیام کے اقدامات بھی آگے بڑھائے جائیں گے۔
وفاقی وزیر نے مزید کہا کہ بارڈر سکیورٹی اور کوسٹل گارڈز کو جدید امریکی آلات سے لیس کیا جائے گا، جس سے ان کی استعداد کار میں اضافہ ہوگا۔ یہ وفاقی سطح پر پہلا اینٹی ٹیررسٹ ونگ ہوگا جو صوبوں کے ساتھ موثر کوآرڈینیشن کرے گا۔
امریکی وفد نے پاکستان کی سکیورٹی کوششوں کو سراہا اور اعلان کیا کہ وہ دوطرفہ تعاون بڑھانے کے اقدامات جاری رکھیں گے۔ ملاقات میں وزیر مملکت داخلہ طلال چوہدری، وفاقی سیکرٹری داخلہ، ڈی جی ایف آئی اے، کمانڈنٹ فیڈرل کانسٹیبلری، ڈی جی نیشنل سائبر کرائمز انوسٹی گیشن ایجنسی، ڈی جی پاسپورٹ اینڈ امیگریشن، آئی جی اسلام آباد پولیس اور دیگر اعلیٰ حکام بھی موجود تھے۔



