لاہور میں محفوظ بسنت کے لیے پولیس کا 27 نکاتی سکیورٹی پلان لاہور ہائیکورٹ میں جمع

لاہور (جانوڈاٹ پی کے) لاہور پولیس نے بسنت کے موقع پر عوام کی حفاظت اور حادثات کی روک تھام کے لیے 27 نکاتی سکیورٹی پلان لاہور ہائیکورٹ میں جمع کروا دیا ہے۔

پولیس رپورٹ کے مطابق بسنت کے دنوں میں شہریوں کی سہولت کے لیے حکومت کی جانب سے 5 ہزار فری رکشے فراہم کیے جائیں گے۔ گزشتہ دس برسوں کے تجزیے کی بنیاد پر پتنگ بازی کے لیے ہاٹ سپاٹ ایریاز کی نشاندہی کی گئی ہے، اور لاہور کو تین زونز: ریڈ، ییلو، اور گرین میں تقسیم کیا جائے گا۔

ریڈ زونز میں بسنت کے دوران بغیر انٹینا موٹر سائیکل لانے کی اجازت نہیں ہوگی، جبکہ موٹر سائیکل سواروں کے لیے ہیلمٹ پہننا لازمی ہوگا۔ چھتوں پر غیر قانونی سرگرمیوں کو روکنے کے لیے اضافی فورس تعینات ہوگی۔

پتنگ بازی کے لیے صرف منظور شدہ کاٹن دھاگے کے استعمال کی اجازت ہوگی اور کیمیکل یا دھات کے دھاگے بنانے والوں کے خلاف سخت کریک ڈاؤن کیا جائے گا۔ زیادہ سرگرم علاقوں میں ڈرون کیمروں کے ذریعے نگرانی کی جائے گی۔

ہنگامی حالات سے نمٹنے کے لیے کوئیک رسپانس ٹیمیں موجود رہیں گی، اور کائٹ فلائنگ کے حوالے سے عوامی آگاہی مہم اخباروں اور سوشل میڈیا کے ذریعے چلائی جائے گی۔ بسنت کے دنوں میں بجلی کے حادثات سے نمٹنے کے لیے لیسکو کے ساتھ مکمل تعاون کیا جائے گا۔

مزید خبریں

Back to top button