ملک بھر میں بارشوں اور برفباری کی پیشگوئی، مغربی ہواؤں کا طاقتور سلسلہ داخل

لاہور (جانوڈاٹ پی کے) محکمہ موسمیات نے ملک کے مختلف علاقوں میں گرج چمک کے ساتھ بارش اور پہاڑی علاقوں میں برفباری کی پیشگوئی کر دی ہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق مغربی ہواؤں کا سلسلہ ملک میں داخل ہو چکا ہے جو 19 جنوری تک برقرار رہے گا، جبکہ 20 جنوری سے اس کی شدت میں اضافے کا امکان ہے۔ یہ موسمی نظام 21 جنوری سے ملک کے بیشتر حصوں کو اپنی لپیٹ میں لے لے گا۔

محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ 19 جنوری تک گلگت بلتستان، کشمیر اور بالائی خیبرپختونخوا میں وقفے وقفے سے تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش جبکہ ہلکی سے درمیانی برفباری متوقع ہے۔

18 سے 20 جنوری کے دوران مری، گلیات اور گرد و نواح میں بارش اور برفباری کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔ اسی طرح 20 سے 23 جنوری کے دوران گلگت بلتستان، کشمیر، اسلام آباد، مری، گلیات، خطہ پوٹھوہار، سرگودھا، گوجرانوالہ، لاہور، ساہیوال، ملتان، فیصل آباد، ڈیرہ غازی خان اور بہاولپور ڈویژن کے مختلف اضلاع میں بارش کی پیشگوئی کی گئی ہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق پشاور، ہزارہ، مالاکنڈ، مردان، کوہاٹ، بنوں اور ڈیرہ اسماعیل خان ڈویژن کے اضلاع میں اکثر مقامات پر تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش متوقع ہے۔

20 جنوری کی رات سے 23 جنوری کے دوران مری، گلیات، چترال، دیر، سوات، کالام، شانگلہ، کوہستان، بٹگرام، مانسہرہ، ایبٹ آباد، وادی نیلم، باغ، حویلی اور راولا کوٹ میں شدید برفباری کی توقع ہے۔

محکمہ موسمیات نے مزید بتایا کہ 21 اور 22 جنوری کو بلوچستان جبکہ 22 اور 23 جنوری کو سندھ کے بیشتر علاقوں میں تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ وقفے وقفے سے بارش کا امکان ہے۔ اس دوران کوئٹہ، زیارت، چمن، پشین، قلعہ عبداللہ، قلعہ سیف اللہ، نوشکی، ہرنائی اور ژوب میں درمیانی سے شدید برفباری متوقع ہے۔

مزید خبریں

Back to top button