مکران کوسٹل ہائی وے پر خوفناک حادثہ، مسافر بس الٹ گئی، 9 افراد جاں بحق، 36 زخمی

کوئٹہ، گوادر (جانوڈاٹ پی کے) مکران کوسٹل ہائی وے پر تیز رفتاری کے باعث مسافر بس الٹنے سے 9 افراد جاں بحق جبکہ 36 زخمی ہو گئے، جن میں سے 7 کی حالت تشویشناک بتائی جا رہی ہے۔
ایس پی ہائی وے پولیس اسلم بنگلزئی کے مطابق حادثہ اورماڑہ کے قریب ہڈ گوٹھ کے مقام پر پیش آیا، جہاں کراچی سے جیونی جانے والی مسافر بس تیز رفتاری کے باعث بے قابو ہو کر الٹ گئی۔ جاں بحق افراد کی لاشوں اور زخمیوں کو فوری طور پر اورماڑہ اسپتال منتقل کر دیا گیا۔
پولیس حکام کا کہنا ہے کہ بس میں مجموعی طور پر 45 افراد سوار تھے، جاں بحق افراد کا تعلق سندھ کے مختلف علاقوں سے تھا جو مزدوری کی غرض سے جیونی جا رہے تھے۔
دوسری جانب وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے حادثے کی تفصیلی رپورٹ طلب کر لی اور واقعے کی انکوائری کا حکم دے دیا۔ وزیراعلیٰ نے قیمتی انسانی جانوں کے ضیاع پر گہرے رنج و غم کا اظہار کرتے ہوئے زخمیوں کی جلد صحتیابی کے لیے دعا کی۔
میر سرفراز بگٹی نے ڈپٹی کمشنر گوادر کو ہدایت کی کہ زخمی مسافروں کو فوری اور بہترین طبی سہولیات فراہم کی جائیں، جبکہ جاں بحق افراد کے جسدِ خاکی ان کے آبائی علاقوں تک پہنچانے کے لیے ایمبولینس سروس مہیا کی جائے۔



