تھرپارکر میں کوئلہ بھٹیوں کی ماحولیاتی نگرانی، سیپا کی فضائی آلودگی پر سخت نظر

مٹھی(رپورٹ:میندھرو کاجھروی)سندھ انوائرنمنٹل پروٹیکشن ایجنسی (سیپا)، ریجنل آفس میرپورخاص نے سندھ انوائرنمنٹل پروٹیکشن ایکٹ، 2014 کے تحت اپنے ریگولیٹری اور نفاذی اختیارات کے دائرہ کار میں ونگو موڑ، تعلقہ کلوئی، ضلع تھرپارکر میں قائم کوئلہ (چارکول) بھٹیوں کی جامع ماحولیاتی نگرانی کی۔
یہ نگرانی سیپا کی تکنیکی ٹیم نے انجام دی، جس کا مقصد چارکول بھٹیوں کے ماحولیاتی اثرات کا جائزہ لینا تھا، بالخصوص فضائی معیار، زہریلے دھوئیں کے اخراج، غیر معیاری ایندھن کے استعمال اور مروجہ ماحولیاتی قوانین و ضوابط کی پابندی کے حوالے سے۔ یہ معائنہ کسی بھی قانونی اور انتظامی کارروائی کے آغاز سے قبل زمینی حقائق کو دستاویزی شکل دینے کے لیے ایک قبل از نفاذ اقدام کے طور پر کیا گیا۔
نگرانی کے دوران سیپا ٹیم نے مشاہدہ کیا کہ متعدد چارکول بھٹیوں سے خارج ہونے والا دھواں عوامی صحت، مقامی ماحولیات اور فضائی معیار کے لیے سنگین خطرات کا باعث بن سکتا ہے، خصوصاً قریبی رہائشی علاقوں کے لیے۔ تفصیلی تجزیہ اور ریکارڈ کے لیے نمونے، مشاہدات اور متعلقہ ڈیٹا اکٹھا کر لیا گیا ہے۔
سیپا نے اس عزم کا اعادہ کیا ہے کہ ماحولیاتی قوانین کی خلاف ورزی کرنے والی کسی بھی صنعتی یا تجارتی سرگرمی کے خلاف قانون کے مطابق سخت کارروائی کی جائے گی۔ نگرانی کے نتائج کی بنیاد پر غیر مطابقت رکھنے والی یونٹس کے خلاف مناسب نفاذی اقدامات، جن میں انوائرنمنٹل پروٹکشن آرڈر (EPO) کے تحت کام کی بندش، جرمانے، اور مزید قانونی کارروائیاں عمل میں لائی جائیں گی۔



