پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں زبردست تیزی، ہنڈرڈ انڈیکس 3,100 پوائنٹس اضافے سے 184 ہزار کی سطح عبور کر گیا

کراچی (جانوڈاٹ پی کے) پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں کاروباری ہفتے کے آخری روز شاندار تیزی کا رجحان دیکھنے میں آ رہا ہے، جہاں سرمایہ کاروں کے اعتماد میں بحالی کے باعث حصص بازار میں مضبوط ریکوری جاری ہے۔
ٹریڈنگ کے دوران پاکستان اسٹاک ایکسچینج کا ہنڈرڈ انڈیکس 3,100 پوائنٹس کے نمایاں اضافے کے ساتھ ایک لاکھ 84 ہزار پوائنٹس کی سطح پر ٹریڈ کرتا رہا، جو حالیہ دنوں میں مارکیٹ کی بڑی پیش رفت قرار دی جا رہی ہے۔
واضح رہے کہ کاروباری ہفتے کے چوتھے روز بھی مارکیٹ میں مثبت آغاز ہوا تھا اور ہنڈرڈ انڈیکس 1,000 سے زائد پوائنٹس کے اضافے کے بعد ایک لاکھ 83 ہزار 717 پوائنٹس تک پہنچ گیا تھا۔ تاہم دورانِ ٹریڈنگ اچانک فروخت کے دباؤ کے باعث مارکیٹ میں مندی چھا گئی اور ہنڈرڈ انڈیکس 1,113 پوائنٹس کی کمی کے ساتھ ایک لاکھ 81 ہزار 456 پوائنٹس پر بند ہوا تھا۔
اعداد و شمار کے مطابق گزشتہ روز اسٹاک مارکیٹ میں 31 ارب 7 کروڑ 28 لاکھ 20 ہزار 173 روپے مالیت کے 28 کروڑ 13 لاکھ 7 ہزار 943 شیئرز کا لین دین ہوا، جو مارکیٹ میں سرمایہ کاروں کی بھرپور سرگرمی کا مظہر ہے۔
ماہرین کے مطابق حالیہ تیزی معاشی اشاریوں میں بہتری اور سرمایہ کاروں کے اعتماد میں اضافے کا نتیجہ ہے۔



