بدین: عوامی تحریک کے رہنما ایسرداس کولہی کی پہلی برسی، ریلی اور جلسۂ عام میں خراجِ عقیدت پیش

بدین (رپورٹ مرتضیٰ میمن/جانو ڈاٹ پی کے ) عوامی تحریک کے رہنما ایسرداس کولہی کو پہلی برسی کے موقع پر خراجِ عقیدت پیش کیا گیا۔ کڈھرو سے ریلی نکالی گئی اور آخری آرام گاہ پر پھولوں کی چادر چڑھائی گئی، بعد ازاں جلسۂ عام منعقد ہوا۔ اس موقع پر عوامی تحریک، سندھی ہاری تحریک اور سندھیانی تحریک کے رہنماؤں سمیت گرد و نواح کے عوام نے بڑی تعداد میں شرکت کی جلسۂ عام سے خطاب کرتے ہوئے عوامی تحریک کے مرکزی نائب صدر ستار رند، لال جروار، مہران درس، جاکھرو نوحانی، زرقا ہالیپوٹو، بیگم زئور، مختیار بکاری، مرتضیٰ شام، ستو کولہی، آنند کولہی، سلیمان ہالیپوٹو، ہمیرومل، سیتا کولھڑ، پاری کولھڑ، کنول، نارائن داس اور گامون کولہی نے کہا کہ ایسرداس کولہی عوامی تحریک کے بانی قائد رسول بخش پلیجو کی دی ہوئی محنت کش انقلابی فکر، نظریے اور راستے کے سچے اور وفادار سپاہی تھے۔ وہ زندگی کی آخری سانس تک پارٹی سے وابستہ رہے اور ہر اُس جدوجہد میں سرگرم رہے جو سندھ دشمن تھی۔ انہوں نے ایک مثالی عوامی انقلابی زندگی گزاری۔ ہمیں اپنے ساتھی کی وفاداری اور جدوجہد پر فخر ہے اور ہم انہیں سرخ سلام پیش کرتے ہیں رہنماؤں نے مزید کہا کہ امریکی سامراج پر تیسری عالمی جنگ کا بھوت سوار ہے۔ امریکہ دنیا میں اپنی لاٹھی کی حکمرانی قائم رکھنے کے لیے آدم بو آدم بو کر کے انسانوں کا قتل عام کروا رہا ہے۔ شام، لبنان، عراق، افغانستان اور فلسطین کے بعد اب امریکہ ایران، وینزویلا، کیوبا، کولمبیا اور برکینا فاسو میں بھی خون کی ندیاں بہانا چاہتا ہے۔ امریکی سامراج دنیا پر اپنی بالادستی قائم رکھنے کے لیے مختلف ممالک میں جنگیں اور مداخلتیں کر رہا ہے اور عالمی امن و سلامتی کے لیے خطرہ بن چکا ہے۔
انہوں نے کہا کہ ڈونلڈ ٹرمپ طاقت کے زور پر پوری دنیا پر حکمرانی کے خواب دیکھ رہے ہیں۔ انسانی حقوق، آزادی اور جمہوریت کے نام پر صدر ٹرمپ آزاد اور خودمختار ممالک پر حملے کر کے عوام کی آزادی اور خودمختاری ختم کر رہا رہے۔ وینزویلا کے صدر اور ان کی اہلیہ کو اغوا کر کے امریکہ نے عالمی دہشت گردی کا ثبوت دیا ہے۔ جنگی اخراجات کے باعث امریکہ قرضوں میں ڈوب چکا ہے اور اپنی دفاعی ضروریات پوری کرنے کے لیے دنیا کے تمام ممالک کے وسائل لوٹنا چاہتا ہے۔ امریکہ سندھ کے وسائل پر قبضہ کرنے کی سازش بھی کر رہا ہے اور ملک کے حکمران سندھ، بلوچستان اور خیبر پختونخوا کے وسائل امریکہ کے حوالے کرنے کی خفیہ ڈیل کر چکے ہیں رہنماؤں نے کہا کہ پاکستان کے حکمران اُس امریکی صدر ٹرمپ کو امن کا نوبل انعام دینے کے مطالبات کر رہے ہیں جو دنیا پر تیسری عالمی جنگ مسلط کرنا چاہتا ہے، آزاد اور خودمختار ممالک اور اقوام کی آزادی سلب کر رہا ہے اور فلسطین میں معصوم بچوں سمیت لاکھوں فلسطینیوں کو اسرائیل کے ہاتھوں قتل کروانے کا ذمہ دار ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کے حکمرانوں نے ملک کے پچیس کروڑ عوام کو امریکی سامراج، آئی ایم ایف اور عالمی سامراجی اداروں کے ہاتھوں فروخت کر دیا ہے انہو نے مزید کہا کہ سندھ میں گزشتہ اٹھارہ برسوں سے پیپلز پارٹی کے عوام دشمن جاگیردارانہ ٹولے کی حکمرانی ہے جس نے اقتدار کی خاطر سندھی قوم کے اجتماعی قومی مفادات اور وسائل بیچ دیے ہیں۔ سندھ پولیس کو وڈیروں، جاگیرداروں اور قبائلی سرداروں کے ماتحت کر کے پولیس اسٹیٹ میں تبدیل کر دیا گیا ہے اور لوگوں کو مارنے کا لائسنس دے دیا گیا ہے۔ پیپلز پارٹی کے اٹھارہ سالہ دورِ حکومت میں ڈاکو راج، لاقانونیت، منشیات، صحت و تعلیم کی تباہی اور کرپشن کے سوا عوام کو کچھ نہیں ملا انہو نے کہا کہ سندھ کی لاکھوں ایکڑ زمین مقامی بے زمین سندھی ہاریوں کو دینے کے بجائے کارپوریٹ فارمنگ کے نام پر وفاقی اداروں اور غیر ملکی کمپنیوں کو دے دی گئی ہے۔ مسلم لیگ (ن) اور پیپلز پارٹی کی حکومت نے جمہوریت کے نام پر بدترین آمریت قائم کر دی ہے۔ آخر میں رہنماؤں نے عوام سے اپیل کی کہ سندھ کی لاکھوں ایکڑ زمینیں، تیل، کوئلہ، گیس، ساحلی پٹی، اپنے شہر اور قدیم دیہات بچانے کے لیے پُرامن جمہوری جدوجہد کے لیے تیار ہوں



