پاکستان ایک چین پالیسی پر اپنے غیرمتزلزل عزم پر قائم ہے، وزیراعظم

اسلام آباد(جانوڈاٹ پی کے)وزیراعظم شہباز شریف نے چین کی کمونسٹ پارٹی کے بین الاقوامی شعبے کی نائب وزیر سن ہائی یان سے ملاقات میں کہا کہ پاکستان کا چین کے ساتھ تعلق ہر حال میں غیرمتزلزل رہے گا اور پاکستان ایک چین پالیسی پر اپنے غیرمتزلزل عزم پر قائم ہے۔

وزیراعظم آفس سے جاری اعلامیے کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف سے کمیونسٹ پارٹی آف چائنا کے بین الاقوامی شعبے کی نائب وزیر سن ہائی یان نے وزیراعظم ہاؤس میں ملاقات کی اور اس دوران وزیراعظم نے چینی مہمان اور ان کے وفد کو پاکستان میں خوش آمدید کرتے ہوئے کہا کہ یہ دورہ نہایت اہم موقع پر ہورہا ہے کیونکہ پاکستان اور چین سفارتی تعلقات کے قیام کی 75ویں سالگرہ منا رہے ہیں۔

وزیراعظم نے کہا کہ رواں سال کا آغاز پاکستان کے نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ کے کامیاب دورۂ بیجنگ سے ہوا، جس کے بعد وزیر داخلہ نے شنگھائی کا دورہ کیا جبکہ آئندہ دنوں میں اسپیکر قومی اسمبلی کا دورۂ چین بھی توقع ہے۔

وزیراعظم نے صدر شی جن پنگ اور چینی قیادت کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار کرتے ہوئے پاکستان اور چین کے درمیان فولاد کی طرح مضبوط اسٹریٹجک تعاون پر مبنی شراکت داری کی توثیق کی اور کہا کہ پاکستان کا چین کے ساتھ تعلق ہر حال میں غیر متزلزل رہے گا اور پاکستان ایک چین پالیسی پر اپنے غیر متزلزل عزم پر قائم ہے۔

اقتصادی تعاون پر بات کرتے ہوئے وزیراعظم نے چین کی جانب سے پاکستان کے لیے فراخ دلانہ معاونت، بالخصوص پاک-چین اقتصادی راہداری (سی پیک) کے تحت تعاون کو سراہا اور سی پیک کے اگلے مرحلے کے بروقت اور مؤثر نفاذ کی ضرورت پر زور دیا۔

وزیراعظم نے صدر شی جن پنگ کو اس سال پاکستان کا سرکاری دورہ کرنے کی دعوت کا بھی اعادہ کیا اور کہا کہ یہ سال دونوں ممالک کے لیے خصوصی اہمیت اور ایک تاریخی سنگِ میل کی حیثیت رکھتا ہے۔

چینی نائب وزیر سن ہائی یان نے وزیراعظم کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ چین پاکستان کے ساتھ اپنے دیرینہ اور آزمودہ تعلقات کو تمام شعبوں میں مزید مضبوط بنانے کے لیے پرعزم ہے۔

انہوں نے پاکستان میں اقتصادی اور سیاسی استحکام کے لیے وزیراعظم کی کوششوں کو سراہا اور کہا کہ چینی قوم پاکستان کی سفارتی کامیابیوں پر فخر محسوس کرتی ہے۔

سن ہائی یان نے وزیراعظم کو آگاہ کیا کہ کمیونسٹ پارٹی آف چائنا کے پاکستان کی مختلف سیاسی جماعتوں کے ساتھ بہترین تعلقات قائم ہیں۔

چینی نائب وزیر نے جماعتی سطح پر روابط کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ کمیونسٹ پارٹی آف چائنا بین الجماعتی طریقہ کار کے ذریعے پاکستان کی سیاسی جماعتوں کے ساتھ تعاون کو مزید مضبوط بنانے کے عزم پر قائم ہیں۔

مزید خبریں

Back to top button