ایران اور اسرائیل کے درمیان خفیہ مفاہمت، ایک دوسرے پر حملے میں پہل نہ کرنے کی یقین دہانی، واشنگٹن پوسٹ کا دعویٰ

نیویارک (مانیٹرنگ ڈیسک) امریکی اخبار واشنگٹن پوسٹ نے دعویٰ کیا ہے کہ ایران اور اسرائیل نے باہمی طور پر ایک دوسرے کے خلاف کسی بھی ممکنہ حملے میں پہل نہ کرنے کی خفیہ یقین دہانی کروا دی ہے۔
اخبار کی رپورٹ کے مطابق دونوں ممالک کے درمیان پردۂ راز میں پیغامات کا تبادلہ ہوا، جن میں یہ اصولی اتفاق کیا گیا کہ فریقین کسی بھی قسم کی فوجی کارروائی کا آغاز نہیں کریں گے۔ رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ یہ رابطے ایک تیسرے فریق کے ذریعے ممکن بنائے گئے۔
واشنگٹن پوسٹ کے مطابق دسمبر کے آخر میں ایران میں احتجاجی لہر شروع ہونے سے قبل اسرائیلی حکام نے روس کے ذریعے ایرانی قیادت کو پیغام بھجوایا تھا کہ اگر اسرائیل پر پہلے حملہ نہ ہوا تو وہ ایران کے خلاف کوئی فوجی کارروائی نہیں کرے گا۔
رپورٹ کے مطابق ایران نے بھی اسی روسی چینل کے ذریعے جواب دیتے ہوئے یقین دہانی کرائی کہ وہ بھی کسی قسم کے پیشگی حملے سے گریز کرے گا۔ یوں روس کی ثالثی میں دونوں ممالک کے درمیان یہ غیر اعلانیہ مفاہمت طے پائی کہ ایران اور اسرائیل ایک دوسرے کے خلاف حملے میں پہل نہیں کریں گے۔
تجزیہ کاروں کے مطابق یہ پیش رفت خطے میں بڑھتی ہوئی کشیدگی کے تناظر میں تنازع کو محدود رکھنے کی کوشش قرار دی جا رہی ہے۔



