امریکی جانے کے راستے بند، پاکستانیوں سمیت 75 ممالک کے درخواست گزار پھنس گئے، ٹرمپ کا بڑا فیصلہ

واشنگٹن (مانیٹرنگ ڈیسک) امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی انتظامیہ نے قومی سلامتی اور نئی امیگریشن پالیسی کے تحت پاکستان سمیت 75 ممالک کے شہریوں کے لیے امیگرنٹ ویزا پراسیسنگ عارضی طور پر معطل کرنے کا اعلان کر دیا ہے۔ یہ فیصلہ 21 جنوری سے نافذ العمل ہوگا۔
امریکی محکمہ خارجہ کے مطابق متاثرہ ممالک کے شہری اب امیگرنٹ ویزا پروگرام کے تحت ویزا حاصل کرنے کے اہل نہیں ہوں گے۔ حکام کا کہنا ہے کہ یہ اقدام امیگریشن نظام کے ازسرِنو جائزے اور سیکیورٹی خدشات کے پیش نظر اٹھایا گیا ہے۔
محکمہ خارجہ کی جانب سے جاری فہرست کے مطابق متاثرہ ممالک میں پاکستان، ایران، عراق، روس، افغانستان، برازیل، نائیجیریا، البانیہ، الجزائر، آرمینیا، آذربائیجان، بنگلادیش، بیلاروس، بھوٹان، مصر، لبنان، لیبیا، مراکش، نیپال، شام، سوڈان، صومالیہ، یمن، تیونس، یوگنڈا اور ازبکستان سمیت متعدد ایشیائی، افریقی، یورپی اور لاطینی امریکی ممالک شامل ہیں۔
اس کے علاوہ کیوبا، جمہوریہ کانگو، ایتھوپیا، گھانا، ہیٹی، جمیکا، اردن، کویت، قازقستان، کرغزستان، لاؤس، مونٹی نیگرو، نکاراگوا، روانڈا، سینیگال، سیرالیون، تنزانیہ، تھائی لینڈ، ٹوگو اور یوراگوئے بھی اس پابندی کی زد میں آ گئے ہیں۔
امریکی محکمہ خارجہ کے ترجمان کا کہنا ہے کہ ویزا معطلی کے دورانیے اور اس کے ممکنہ اثرات سے متعلق مزید تفصیلی ہدایات جلد جاری کی جائیں گی۔ ترجمان نے یہ بھی کہا کہ متاثرہ درخواست گزاروں کو سہولت فراہم کرنے کے لیے اضافی اقدامات پر غور کیا جا رہا ہے۔



