بھارت میں ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ میں شرکت نہ کرنے پر کوئی مالی نقصان نہیں ہوگا، بنگلا دیش کرکٹ بورڈ

ڈھاکہ(جانوڈاٹ پی کے)بنگلا دیش کرکٹ بورڈ کے فنانس کمیٹی کے سربراہ نجم الحسین کا کہنا ہے کہ بھارت میں ہونے والے ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ میں شرکت نہ کرنے پر کوئی مالی نقصان نہیں ہوگا۔
بنگلا دیش کرکٹ بورڈ کے فنانس کمیٹی کے سربراہ نجم الحسین نے گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ ورلڈکپ میں بورڈ کو کچھ نہیں ملتا، اس لیے ٹی ٹوئنٹی ولڈکپ میں شرکت نہ کرنے میں ہمارا کوئی نقصان نہیں البتہ کھلاڑیوں کو نقصان ہوگا کہ انہیں میچ فیس کی مد میں رقم نہیں ملے گی۔
انہوں نے کہا کہ ورلڈکپ میں شرکت نہ کرنے پر کھلاڑیوں کا مالی ازالہ نہیں کریں گے، خراب پرفارمنس کے باوجود کھلاڑیوں پر کروڑوں ٹکہ خرچ کرتے ہیں، ہم نے کبھی کھلاڑیوں کو نہیں کہا کہ پیسے واپس کر دو، جب بورڈ نہیں ہوگا توکھلاڑی کیسے رہیں گے؟۔
نجم الحسین کا کہنا تھا کہ 2027 تک ہماراریونیو متاثر نہیں ہوگا کیونکہ 2022 میں آئی سی سی فنانس کمیٹی میں یہ فیصلہ ہوا تھا، البتہ مستقبل کے ورلڈکپ اور دوطرفہ سیریز سمیت دیگر انٹرنیشنل ایونٹس میں یہ بات اہم ہوسکتی ہے۔
انہوں نے کہا کہ کیا ٹیمیں ایف ٹی پی کے تحت ہمارے پاس آئیں گی یا نہیں یہ اہم سوال ہے۔
واضح رہے کہ بنگلادیش کے فاسٹ بولر مستقیض الرحمان کو ہندو انتہا پسندوں کی دھمکیوں کے بعد آئی پی ایل ٹیم کے کے آر سے ریلیز کر دیا گیا۔
جس کے بعد بنگلا دیش کرکٹ نے آئی سی سی ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ کے لیے اپنی ٹیم بھارت نہ بھیجنے کا فیصلہ کرتے ہوئے میچز بھارت سے منتقل کرنے کا مطالبہ کیا ہوا ہے۔



